صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین کا معصوم زینب کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام

سول سوسائٹی کو حکومت کے ساتھ ملکر ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی: اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین کا معصوم زینب کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے معصوم زینب کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے جاری کردہ ایک پیغام میں کہاکہ پوری پاکستانی قوم کبھی بھی معصوم زینب کے ساتھ پیش آنیوالا درندگی کے واقعہ کو نہیں بھلا سکتی جبکہ حکومت پنجاب خواہاں ہے کہ مستقبل میں کبھی کوئی دوسری معصوم زینب ایسے کرب سے نہ گزرے۔انہوں نے کہا کہ عمران علی نامی درندے کو سزا تو مل گئی مگر دوبارہ کوئی بھی درندہ ایسی حرکت نہ کر سکے اس کے لئے سول سوسائٹی کو حکومت کے ساتھ ملکر ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بلاشبہ یہ ایک ایسا دلخراش واقعہ تھا کہ بحیثیت ایک باپ کبھی بھی اسکو فراموش نہیں کر سکتا تاہم ایسی درندگی کو الفاظوں میں بیان کرنا مشکل ہے کہ کیسے کوئی ایک ننھے پھول کو اسطرح مسل سکتا ہے تاہم یقین دلاتا ہوں کہ تحریک انصاف کی حکومت میں اپنے بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کےلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں جبکہ اپنے بچوں کی حفاظت ہم سب کا مشرکہ فریضہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت تن تنہا کچھ نہیں کرسکتی بلکہ سول سوسائٹی کے تعاون سے ہی اپنے معاشرے میں بسنے والے بھیڑیوں سے اپنے ننھے فرشتوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں جبکہ پنجاب حکومت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر انسانی حقوق بالخصوص اپنے بچوں کی حفاظت کو نصاب کا حصہ بنارہی ہے تاکہ بچوں کو اچھے اور برے کی پہچان شروع سے ہی ممکن کرائی جا سکے ۔