صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جوہر ٹائون میں واقع احسان ممتاز ہسپتال کے قریب دھماکہ ، 10افراد زخمی

صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جوہر ٹائون میں واقع احسان ممتاز ہسپتال کے قریب دھماکہ ، 10افراد زخمی

لاہور:صوبائی دارالحکومت کے علاقہ جوہر ٹائون میں واقع احسان ممتاز ہسپتال کے قریب دھماکہ سے 10افراد زخمی ہو گئے- ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقع کی اطلاع پر ریسکیو کی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں اور فوری موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

ترجمان کے مطابق دھماکہ کس طرح ہوا ہے اس کی تحقیقات جاری ہیں۔واقعہ کی اطلاع پر سی ٹی او لاہور منتظر مہدی بھی فوری طور پر جائے حادثہ پہنچ گئے۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو الرٹ ہونے کی ہدایات بھی جاری کر دیں۔ڈی سی لاہور مدثر ریاض جناح ہسپتال پہنچ گئے اوردھماکے میں زخمی ہونے والے زخمیوں کی عیادت کی۔

انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کیں۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی جوہر ٹائون میں دھماکے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی اورواقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے ،زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اورزخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔وزیراعلی عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو موقع پر پہنچے کی ہدایات بھی جاری کیں