پاک فوج کی سیاست میں مداخلت غیرآئینی ہے، آرمی چیف

پاک فوج کی سیاست میں مداخلت غیرآئینی ہے، آرمی چیف

راولپنڈی:

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ شہدا کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

یوم دفاع و شہداء کی تقریب جی ایچ کیو (جنرل ہیڈ کوارٹرز) راولپنڈی میں جاری ہے۔ تقریب میں اعلی شخصیات ، سفارتکار، سول و عسکری حکام ، شہدا کے لواحقین اور غازی شریک ہیں۔

اس موقع پر جنرل باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، فوج کاسب سےپہلا کام اپنی سرحدوں کا دفاع کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھی، فوج کی قربانی کا عوام نے اعتراف نہیں کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ فوج کاسب سےپہلا کام اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا ہے، فوج نےفروری میں فیصلہ کیا کہ آئندہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی، اس آئینی عمل کا خیرمقدم کرنےکے بجائے کئی حلقوں نےتنقید کانشانہ بنایا، جعلی جھوٹا بیانیہ بناکر ملک میں ہیجان پیدا کیا، اب اس بیانیے سے راہ فرار اختیار کی جارہی ہے۔

پاکستان بھارت جنگ 1965ء میں افواج کی دفاعی کارکردگی اور قربانیوں کی یاد میں یومِ دفاع ہر سال 6 ستمبر کو قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یوم دفاع کی تقریب اس سال سیلاب کے باعث ملتوی کردی گئی تھی۔