وائرلیس انچارج احسن طریقے سے اپنی ڈیوٹی کریں، ڈی آئی جی ٹیلی

شارق جمال خان کا پولیس میس، سکول آف ٹیلی کمیونیکیشن، پرائمری سکول، ہسپتال اور لائنز کا دورہ تمام اضلاع کو کمپیوٹر سٹیشنری سمیت تمام ضروری سامان مہیا کر دیا گیا، ایس ایس پی صادق ڈوگر

وائرلیس انچارج احسن طریقے سے اپنی ڈیوٹی کریں، ڈی آئی جی ٹیلی

لاہور: ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب شارق جمال خان نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر کے وائرلیس انچارج احسن طریقے سے اپنی ڈیوٹی انجام دیں اور پولیس گشت کو موثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ایس ایس پی (ٹیلی) صادق علی ڈوگر کے ساتھ ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب ہیڈکوارٹرز میں پولیس میس، سکول آف ٹیلی کمیونیکیشن، پرائمری سکول، ہسپتال اور قربان پولیس لائنز کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاگ بک ایک اہم ریکارڈ ہے اور اسے ہر حال میں اپ ڈیٹ رکھا جائے۔

ڈی آئی جی شارق جمال خان نے اس موقع پر وائرلیس ڈسٹرکٹ انچارجز میں سٹیشنری کا سامان بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی (ٹیلی) صادق علی ڈوگر نے کہا کہ صوبہ بھر کے اضلاع کو کمپیوٹر سٹیشنری سمیت تمام ضروری سامان مہیا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیلی کمیونیکیشن ملازمین کی فلاح و بہبود کا کام ڈی آئی جی شارق جمال خان کی سربراہی میں مزید بہتر انداز میں کیا جائے گا۔

بعد ازاں ایس ایس پی (ٹیلی) نے ایس پی یو یونٹ مناواں پولیس لائنز کا دورہ کیا اور ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ منیر احمد ضیا راؤ سے بھی ملاقات کی جہاں انہوں نے ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کے جدید فیچرز، کال ریکارڈنگز، براڈکاسٹ لسٹس، بلاک سروسز، جی پی ایس لوکیشن اور ایس ایم ایس فیچرز بھی چیک کئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق جدید فیچرز کا دائرہ کار پنجاب بھر میں وسیع کیا جائے گا۔