صوبے بھر میں چھٹی جماعت سے آٹھویں  جماعت تک کے طلبا کے لئے کل سے سکول کھول دئیے جائیں گے: ڈاکٹر مراد راس

سکول بند کرنا کوئی حل نہیں، کرونا وائرس سے بچاو کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار مثبت اور جامع انداز میں ادا کرنا ہو گا: صوبائی وزیر تعلیم پنجاب

صوبے بھر میں چھٹی جماعت سے آٹھویں  جماعت تک کے طلبا کے لئے کل سے سکول کھول دئیے جائیں گے: ڈاکٹر مراد راس

لاہور:صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا لاہور میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبے بھر میں چھٹی جماعت سے آٹھویں   جماعت تک کے طلبا کے لئے کل سے سکول کھول دئیے جائیں گے. سکول بند کرنا کوئی حل نہیں، کرونا وائرس سے بچاو کے لئے سب کو اپنا اپنا کردار مثبت اور جامع انداز میں ادا کرنا ہو گا. حال ہی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ 'چور پارٹیز کانفرنس' کے تمام شرکاء اپنے اپنے مفادات کے لئے وہاں اکٹھے ہوئے تھے اور یہ تمام لوگ کتنی بھی کوشیش کر لیں یہ کبھی اکٹھے نہیں ہو سکتے.

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی منعقدہ سی پی سی میں ایک اشتہاری مجرم نے ریاست اور ملکی اداروں کے خلاف کھل کر بات کی جو کہ انتہائی شرمناک ہے. نواز شریف اگر واقعی کچھ کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے پاکستان واپس آکر اپنے آپ کو قانون کے حوالے کریں. نام نہاد اپوزیشن پارٹیز کی بدولت ملک کا آج جو بھی حال ہوا ہے اسے ٹھیک کرنے کی ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف نے لی ہے.

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کا سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے معاملات کے حوالے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ میڈیا کے چند مخصوص حلقے بغیر تصدیق کے مخض سنسنی کے لئے جھوٹی خبریں چلواتے ہیں. برطانوی ادارے ڈیفیڈ کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد سے پنجاب کے 11 اضلاع میں ہمارے بچوں کے لئے اکتالیس کروڑ روپوں کی کتابیں دی جا رہی ہیں. ڈیفیڈ فنڈڈ کتابوں کی فراہمی کا مکمل طریقہ کار شفافیت کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل میں لایا گیا ہے.

ڈاکٹر مراد راس نے مزید کہا کہ پنجاب میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لئے سکول جاری کردہ شیڈول کے مطابق کل سے کھولے جائیں گے. صوبے بھر میں سکول کھلنے کے بعد سے اب تک محکمہ صحت کی معاونت سے 25000 سے زائد کرونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اور اب تک کُل 50 کے قریب کرونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں. جس بھی سکول میں ایک کرونا کا کیس نکلے گا اس سکول کو فوری سیل کر دیا جائے گا. صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے یہ بھی کہا کہ میرے سمیت ہماری تشکیل کردہ تمام ٹیمیں پنجاب بھر میں سختی سے مانیٹرنگ کا کام کر رہی ہیں. ضرورت اس بات کی ہے کہ کرونا وائرس سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے ہمیں سکولوں کو کھولنا ہو گا.