اے پی سی میں نواز شریف کی سوا گھنٹے کی تقریر نے حقیقتاً شہباز شریف کی دو سالہ محنت کا گلا گھونٹ دیا: فیاض الحسن چوہان

نواز شریف نے اے پی سی میں مودی، اجیت دیول اور میجر گورو آریا کی زبان بول کر اپنے سیاسی و معاشی مفادات کی ملک دشمن طاقتوں سے مطابقت کا ثبوت دیا

اے پی سی میں نواز شریف کی سوا گھنٹے کی تقریر نے حقیقتاً شہباز شریف کی دو سالہ محنت کا گلا گھونٹ دیا: فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بطن سے جنم لینے والی پی ڈی ایم کو پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے اے پی سی میں مودی، اجیت دیول اور میجر گورو آریا کی زبان بول کر اپنے سیاسی و معاشی مفادات کی ملک دشمن طاقتوں سے مطابقت کا ثبوت دیا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اے پی سی میں نواز شریف کی سوا گھنٹے کی تقریر نے حقیقتاً شہباز شریف کی دو سالہ محنت کا گلا گھونٹ دیا۔ ہمیشہ کی طرح نواز شریف اپنا الو سیدھا کرنے کے لیے اپوزیشن کا کندھا استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور ریاستی اداروں کے خلاف بولنے والے شہباز شریف بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے بیٹے نے حالیہ ہفتے میں آرمی و آئی ایس آئی چیف سے ملاقات کی۔ ایک طرف عسکری حکام سے ملاقاتیں اور دوسری جانب ریاستی اداروں کے خلاف کینہ اور بغض و عناد کا اظہار اپوزیشن کی منافقت کا ثبوت ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ اے پی سی نے آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کے منفی جذبات اور احساسات کا پول کھول دیا ہے اور عوام ملک دشمن طاقتوں کی گود میں پلنے والے ایسے کسی عنصر کو پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔