پناہ گاہوں کا مقصد غریب طبقے کے عوام کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے،وزیراعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ملاقات

پناہ گاہوں کا مقصد غریب طبقے کے عوام کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے،وزیراعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ملاقات

اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان نے مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گاہوں کا مقصد غریب طبقے کے عوام کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈی بیت المال، چیرمین سی ڈی اے اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم کو پناگاہوں کی صورتحال اور بہتری کیلئے بنائے گئے جامع منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے پر تین مرحلوں میں عملدرآمد کیا جائے گا، منصوبے کے مطابق موجودہ پناہ گاہوں میں سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی، نجی بین الاقوامی ہوٹل سے پناگاہوں کے عملے کو تربیت فراہم کی جائے گی، پالیسی پر عملدرامد کیلئے ایک مرکزی بورڈ اور انتظامی معاملات کو دیکھنے کیلئے ہر پناہ گاہ میں 4 رکنی بورڈ تشکیل دیا جائے گا، سہولیات کے حوالے سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جو نگرانی میں مدد کرے گا، ڈیش بورڈ کو موبائل کے ذریعے با آسانی چلایا جا سکے گا اور موجودہ پناہ گاہوں میں مسائل کی نشاندہی کرکے ان کو حل کیا جائے گا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پناہ گاہوں کو اس مقصد کیلئے تعمیر کی گئیں عمارتوں میں منتقل کرنا بھی منصوبے کا حصہ ہے، پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹر بھی کھولے جائیں گے، ون ونڈو سینٹر کے ذریعے پناہ گاہوں میں مقیم اہل افراد کو احساس کے تحت دیگر دوسرے پروگرامز سے سہولیات لینے میں آسانی ہوگی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پناہ گاہوں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں. اس کا تعلق اللہ اور اس کی مخلوق کی خدمت سے ہے، پناہ گاہوں کا مقصد معاشی طور پر غریب طبقے کے لوگوں کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے، پناہ گاہوں سے پہلے غریب مزدور سڑکوں پر سونے پر مجبور تھے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کے مطابق مثالی پناہ گاہوں کا قیام جلد عمل میں لایا جائے۔