ڈویژنل کمشنرز کو ٹائیگر فورس ڈے کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری

پنجاب سمیت ملک بھر میں رضا کاروں کے ذریعے بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا شجرکاری مہم کیلئے رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رجسٹریشن چند روز میں اوپن کر دی جائے گی: عثمان ڈار

 ڈویژنل کمشنرز کو ٹائیگر فورس ڈے کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری

لاہور :  ٹائیگر فورس ڈے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی زیر صدارت 9۔ایکمن روڈ منعقد ہوا جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز کو اضلاع اورتحصیلوں کی سطح پر رضا کاروں کے ذریعے شجرکاری کرنے سے متعلق جامع پلان تیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر صوبہ پنجاب سمیت ملک بھر میں رضا کاروں کے ذریعے بڑے پیمانے پر شجرکاری کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

 

اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمداخلاق، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک،سیکرٹری جنگلات محمد آصف، چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور کمشنر لاہور ڈویژن دانش افضال نے شرکت کی جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور  تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن سر انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں جسٹریشن آئندہ چند روز میں موبائل فون ایپلیکیشن کے ذریعے اوپن کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹائیگر فورس کی خدمات سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھایا جا رہاہے۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے منانے کا مقصد شاندار خدمات پر رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ملکی تعمیر و ترقی کے عمل میں شامل ہونے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر رضا کاروں کے ذریعے  اضلاع اور تحصیل کی سطح پر زیادہ سے زیادہ شجر کار ی کرنے کیلئے انتظامات کو جلدحتمی شکل دی جائے اور اس سلسلے میں جامع پلان اگلے پانچ روز میں بھجوایا جائے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ٹائیگر فورس کار آمد ہیومن ریسورس ہے، انکی خدمات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی اہمیت اور افادیت بارے آگاہی مہم اور کمیونٹی موبلائزیشن شروع کی جائے۔انہوں نے سیکرٹری جنگلات کو ہدایت کی کہ پودے لگانے کے بعد انکی دیکھ بھال کا موثر انتظام بھی کیا جائے تاکہ یہ درخت بن کر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوں۔

سیکرٹری جنگلات نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں مون سون شجر کاری مہم کے دوران تین کروڑ70لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ماس پلانٹیشن کیلئے مختلف شہروں میں جگہوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی 244نرسریوں میں اس وقت ساڑھے آٹھ کروڑ پودوں کا سٹاک موجود ہے۔