آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کی زیر صدارت سپیشل اجلاس کا انعقاد

جیلوں میں شفافیت اور ایمانداری پر مبنی کلچر کو رائج کرنے کی ضرورت ہے،قیدیوں کااستحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا: مرزا شاہد سلیم بیگ

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کی زیر صدارت سپیشل اجلاس کا انعقاد

لاہور: آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کی زیر صدارت سپیشل اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں پنجاب کے 08ریجنز کے ڈی آئی جیز پرزنز اور 43جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس نے ویڈیو لنک سے شرکت کی۔ ویڈیو لنک کانفرنس میں وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق قیدیوں کی سہولیات میں اضافے کے امور کا جائزہ لیا گیااور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ،آفس سپرنٹنڈنٹ اور جونیئر کلرک پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی جو ریجن کی سطح پرجیلوں کی کینٹین میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی مارکیٹ ریٹ پر فراہمی کو یقینی بنائیگی۔ آئی جی جیل خانہ جات نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں شفافیت اور ایمانداری پر مبنی کلچر کو رائج کرنے کی ضرورت ہے،قیدیوں کااستحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ قیدیوں کے راشن میں گڑ بڑ نہیں ہونی چاہیے اورجیلوں میں شکایات بکسز،سیلز بلاکس،انٹرویو شیڈ اور ویٹنگ شیڈ کی تنصیب کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ آئی جی جیلز نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسیران کی اپنے پیاروں سے ملاقات ایس او پیز اور شیڈول کے مطابق ہونی چاہیے اورتمام جیلوں میں پی سی اوز کی تنصیب کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ بیرکس،سیلزبلاکس،کچن،انٹرویو شیڈ اور ویٹنگ شیڈ میں پائنا فلاکسز لگانے کے کام کو فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ بعد ازیں میٹنگ میں ڈی آئی جیز پر زنز اور سپرنٹنڈنٹس کی جانب سے قابل عمل تجاویز پر غور کیا گیا۔