ڈی جی پی آر میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب

ڈی جی پی آرثمن رائے نے پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے ڈاکو منٹری کے مقابلے کے پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دیئے  تقریب میں کورونا وبا کے دوران شاندار خدمات سر انجا م دینے والے افسران و ہلکاران میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں

ڈی جی پی آر میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب

لاہور : ڈی جی پی آر آفس میں آج یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب میڈم ثمن رائے، محکمے کے افسران و اہلکاران نے بھر پور شرکت کی۔ میڈم ثمن رائے نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یوم پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ قومی دنوں کے موقع پر شہریوں میں وطن سے محبت اور خدمات کاجذبہ ابھارنے میں محکمہ تعلقات عامہ اور کلچرل تقاریب کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔تقریب کے دوران پنجاب کے کلچر ڈے کے حوالے سے محکمہ تعلقات عامہ کے افسران کی جانب سے تیار کی گئی ڈاکو منٹریز پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیئے گئے۔

تقریب کے دوران محکمے کے ریٹائرڈ ہونے والے افسران و اہلکاران کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شیلڈز دی گئیں۔ پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے بنائی گئی ڈاکو منٹریز کے مقابلوں میں محمد طیب ڈپٹی ڈائریکٹر اور فرحا ن علی شیخ انفارمیشن آفیسر کی پنجاب کی دستکاریوں پر بنائی گئی ڈاکو منٹری پہلے نمبر پر رہی جبکہ روائتی لباس پر بنائی گئی وسیم بٹ انفارمیشن آفیسر اور ذیشان احمد انفارمیشن آفیسر کی ڈاکو منٹری نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح پنجاب کے کلچر پر بنائی گئی انفارمیشن آفیسر عظمیٰ زبیر کی ڈاکو منٹری نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے دوران یوم پاکستان کے حوالے سے ڈی جی پی آر کی جانب سے تیار کیے گئے نغمے کی لانچنگ کی گئی جبکہ کورونا وبا کے دوران خدمات سر انجام دینے والے محکمہ کے افسران اور اہلکاران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔