وزیر جنگلات پنجاب سردار سبطین خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز، ممبران پنجاب اسمبلی عبدالرحمن خان المعروف ببلی خان، امین اللہ خان و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی

 وزیر جنگلات پنجاب سردار سبطین خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

لاہور: وزیر جنگلات پنجاب سردار سبطین خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی آفس کمیٹی روم میانوالی میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ مستنصر فیروز، ممبران پنجاب اسمبلی عبدالرحمن خان المعروف ببلی خان، امین اللہ خان و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر جنگلات پنجاب کو لاء اینڈ آرڈر، سہولت بازاروں، کورونا وائرس صورتحال اور ضلعی ترقیاتی سکیموں کی فنانشل وفزیکل پراگریس سے متعلق بریفنگ دی گئی جبکہ وزیر جنگلات پنجاب نے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سے ٹری پلانٹیشن کے حوالہ سے بھی خصوصی بریفنگ لی۔

اس موقع پر وزیر جنگلات پنجاب سردار محمد سبطین خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں مریضوں اور اموات کی روز بروز بڑھتی ہوئی تعداد تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ضرورت اس امر کی ہے کہ وسیع تر عوامی مفاد میں بلا امتیاز کرونا وائرس ایس او پیز اور حفاظتی و احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سی او ہیلتھ میانوالی اور محکمہ ہیلتھ کے دیگر افسران کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، آر ایچ سی اور بی ایچ یو میں آکسیجن کی دستیابی ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں قرنطین کئے گئے کورونا وائرس کے مریضوں کو باقاعدگی سے چیک کریں اور ان کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ٹیلی میڈیسن شعبہ کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر جنگلات پنجاب نے کہا کہ مہنگائی کا انسداد اس وقت حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ انہو ں نے کہا کہ سہولت بازاروں میں سبسڈی پر فراہم کردہ چینی و آٹا وافر مقدا ر میں سپلائی کروائیں اور دیگر روز مرہ ضروریات زندگی کی بھی مقررہ نرخوں پر فروخت پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیر جنگلات پنجاب نے تعمیراتی محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ موجودہ حکومت کی جانب سے ضلع میانوالی میں مفاد عامہ کے لئے شروع کئے گئے ترقیاتی میگا پراجیکٹس اور دیگر ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کو بروقت ممکن بنائیں تاکہ عوام ان ترقیاتی کاموں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع میانوالی میں ایجوکیشن، ہیلتھ، روڈ، پبلک ہیلتھ سیکٹر اور بجلی و گیس کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔

بیشتر ترقیاتی سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں۔ جو ترقیاتی کام جاری ہیں ان پر کام کی رفتار کو بڑھایا جائے اور تعمیراتی کوالٹی کو خصوصی طور پر ملحوظ رکھا جائے۔ انہوں نے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر کو ہدایت کی کندیاں اور ہرنولی میں شجر کاری کے ساتھ ساتھ حلقہ این اے 95 میں بھی وسیع پیمانے پر پلانٹیشن یقینی بنائیں۔ انہوں نے اب تک کی گئی پلانٹیشن پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عمر شیرچٹھہ نے ضلعی ترقیاتی پراجیکٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میانوالی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف سیکٹر میں 130 ترقیاتی سکیموں کا 53 فی صد کام مکمل ہوچکا ہے  جب کہ آن گوئنگ 117 ترقیاتی سکیموں کی فنانشل و فزیکل پراگریس 57 فیصد سے زائد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سال13 نئی سکیموں پر کام کا آغاز کیا گیاہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حسن رضا نے شرکاء کو سالانہ ترقیاتی پروگرام، آن گوئنگ ترقیاتی سکیموں ایب پروگرام، سی ایم ڈائریکٹو پروگرام، سی ڈی پی ون اینڈ ٹو، ایس ڈی جی پی و دیگر ترقیاتی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اسسٹنٹ کمشنر فرحان مجتبیٰ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میانوالی میں چھ سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں جب کہ آئندہ ہفتے داؤدخیل میں بھی سہولت بازار کا آغاز ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں چینی اور آٹے کی کسی قسم کی قلت نہیں ہے۔ ٹماٹر، پیاز و دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی بتدریج کمی آرہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ سہولت بازاروں میں تمام اشیاء ضروریہ کی اوپن مارکیٹ سے بھی کم نرخوں پر فروخت کو یقینی بنارہی ہے   وزیر جنگلات پنجاب سردار محمد سبطین خان نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔