صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی اوکاڑہ میں اسکالر شپ تقسیم

 ذہین اور قابل طلباء میں دو سال کے دوران پانچویں دفعہ وظائف تقسیم کئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر اعجاز عالم  

صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی اوکاڑہ میں اسکالر شپ تقسیم

لاہور:  صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ تعلیم اندھیروں سے روشنی کی جانب سفر ہے جس کے لیے پاکستان تحریک انصاف دن رات ایک کئے ہوئے ہے کیونکہ تعلیمی ترقی ہی حقیقی ترقی ہے جبکہ علم کی شمع روشن کیے بغیر معاشی اور سماجی شعبوں میں انقلاب برپا نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ سو فیصد شرح خواندگی کے ہدف کے حصول کے لئے تعلیمی معیار کی بہتری، اساتذہ کی جدید خطوط پر ٹریننگ بدلتی دنیا کے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب تعلیم وقت کی ضرورت ہے،جس کے لئے ہماری حکومت جہاں تعلیمی معیار کے لئے کوشاں ہے وہیں پر قابل اور لائق بچوں کی حوصلہ افزائی بھی ہم فرض منصبی سمجھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ا انہوں نے سول ریسٹ ہاوَس،اوکاڑہ میں مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 49 طلبا ء طالبات میں 13 لاکھ 80 ہزار روپے کے تعلیمی وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری محمدسلیم صادق،چوہدری عبداللہ طاہر،سماجی کار کن قمر عباس مغل نے بھی طلبا ء طالبات میں وظائف کے چیک تقسیم کئے یہ وظائف ایم بی بی ایس،ایم فل،ایم ایس سی،ایم اے،بی ایس آنر اور دیگر تعلیمی ڈگریوں کے حصو ل کے لئے زیر تعلیم طلباء طالبات کو دیئے گئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ضلع کے ذہین اور قابل طلباء میں یہ و ظائف دو سال کے دوران پانچویں دفعہ تقسیم کئے جا رہے ہیں جو کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی علم دوستی کا مظہر ہے موجودہ حکومت وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ میں تعلیمی کلچر کے فروغ اور شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے صوبائی وزیر نے اس موقع پر تما م حاضرین مجلس خصوصاََ طلباء طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی موجودلہر کے پیش نظر کورونا ایس او پیز کی سختی سے پیروی کریں ماسک پہنیں اور سینی ٹائزر کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے سے متعلق حکومتی ہدایت کو اپنے خاندان اور محلے کے ہر شخص تک پہنچائیں۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈسڑکٹ ایجوکیشن دفتر میں ہفتہ رحمتہ اللعالمین کے سلسلے میں منعقدہ محفل سیر ت النبیﷺ میں بھی خصوصی شرکت کی۔