محکمہ لائیوسٹاک میں پنجاب لائیوسٹاک پالیسی2020بارے اعلیٰ سطحی اجلاس

پالیسی فریم ورک کا مقصد تمام شعبہ جات میں اہداف کا تعین اور حکمت عملی ترتیب دینا ہے:سیکرٹری لائیوسٹاک

محکمہ لائیوسٹاک میں پنجاب لائیوسٹاک پالیسی2020بارے اعلیٰ سطحی اجلاس

لاہور :پنجا ب لائیوسٹاک پالیسی 2020کی تشکیل کابنیادی مقصدلائیوسٹاک سے متعلقہ شعبہ جات میں اہداف کا تعین اور ان کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن(ر)ثاقب ظفر نے ایک اجلاس کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لائیوسٹاک پالیسی کے حتمی ڈرافٹ بارے ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے کی۔اس اجلاس میں کنسلٹنٹ برائے لائیوسٹاک پالیسی رضوان محبوب نے لائیوسٹاک پالیسی کی نمایا ں خصوصیات پر شرکاء کو بریفنگ دی جس پر مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے پنجاب لائیوسٹاک پالیسی2020کی بروقت تیاری پر اطمینان کا اظہار کیااور کہا کہ دسمبر سے پہلے حتمی ڈرافٹ پر تمام سٹیک ہولڈر ز سے مشاورت مکمل کر لی جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لائیوسٹاک نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک کے مختلف شعبہ جات جن میں لائیوسٹاک پروڈکشن،بریڈ امپروومنٹ اور ریسرچ شامل ہیں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ مختلف شعبہ جات میں پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر ملکی غذائی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

مزید یہ کہ قلیل،وسط اور طویل مدتی اہداف کا تعین نئی لائیوسٹاک پالیسی کے مطابق کیا جائے اور اس پر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔یو ایس اے آئی ڈی(PEEP)کے عہدیداران نے سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر کی پالیسی کی تیاری بارے دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ ان اقدامات کے دور رس نتائج حاصل ہو ں گے۔اجلاس میں یو ایس اے آئی ڈی(PEEP)کے عہدیداران، کنسلٹنٹ برائے لائیوسٹاک پالیسی اورایڈیشنل سیکرٹری(پلاننگ)نے بھی شرکت کی۔