ٹی 20 سے ٹیسٹ کرکٹ، پاکستان ٹیم گیئر تبدیل کرنے کیلیے تیار

ٹی 20 سے ٹیسٹ کرکٹ، پاکستان ٹیم گیئر تبدیل کرنے کیلیے تیار

ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک):  پاکستان ٹیم گیئر تبدیل کرنے کیلیے تیار ہے تاہم لگاتار وائٹ بال میچزکے بعد کھلاڑی اب ریڈ گیند سے مہارت آزمائیں گے۔ پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ اور بنگلادیش سے 3 میچز کی سیریز میں مسلسل ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیلی مگراب وہ گیئر تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔

26 نومبر سے بنگلادیش کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز شروع ہورہی ہے، جس کے لیے اسپیشلسٹ کرکٹرز نے ٹیم کو جوائن کرلیا جبکہ مختصر فارمیٹ کے ماہر کھلاڑی گھر واپسی کی راہ لے چکے ہیں۔

پاکستان ٹیم ٹوئنٹی 20 کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنی مہارت ثابت کرنے کیلیے بے چین ہے۔ میزبان سائیڈ کو اس کے میدانوں پر وائٹ کے بعد اب ریڈ بال کی کرکٹ کا سبق سیکھایا جائے گا،گزشتہ روز اسکواڈ ڈھاکا سے چٹاگانگ پہنچ گیا،بدھ سے سے پریکٹس کاآغاز ہوگا۔

کپتان بابر اعظم بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ٹیم کی فتوحات پر نازاں ہیں، ساتھ ہی انھیں خود اچھی بیٹنگ نہ کرنے کا بھی احساس ہے۔

پی سی بی کی جاری کردہ ویڈیو میں بابر اعظم نے کہاکہ بنگلادیش سے سیریز کے تینوں میچز میں کراؤڈ نے پاکستان ٹیم کو بھی بھرپور سپورٹ کیا، ہم نے کورونا کے دنوں میں شائقین کی کمی شدت سے محسوس کی، اب انکے سامنے کھیلنا اچھا لگ رہا ہے، یہاں کے شائقین نے ہمیں بھی بھرپور سپورٹ کیا۔

رواں برس اپنی ٹیم کی مختصر فارمیٹ میں کامیابیوں کے حوالے سے انھوں نے کہاکہ ہم نے17 ٹی 20 میچز جیتے جو ایک بہت ہی اچھی بات ہے، یہ سب ٹیم کی محنت کا ثمر ہے، اس میں تمام کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔