سی پیک کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ، پاک چین صنعتی تعاون سے پاکستان خطے میں پیداواری مرکزبنے گا، فیڈمک میں 845ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری

 سی پیک کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے جاری ، پاک چین صنعتی تعاون سے پاکستان خطے میں پیداواری مرکزبنے گا، فیڈمک میں 845ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری

اسلام آباد۔:پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو اولین ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے منصوبے کا دوسرا مرحلہ کامیابی کے ساتھ شروع کیا ہے جس سے ملک میں روزگارکے نئے مواقع اور جی ڈی پی کی نمو میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ صنعتی تعاون سے پاکستان خطے میں پیداواری مرکز بنے گا، سی پیک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل فیصل آباد زون ( فیڈمک ) میں اب تک 845 ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔

سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق صنعتی زونز کے قیام سے مقامی صنعت کاروں کےلئے سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے ۔چینی صنعتوں کی پاکستان میں منتقلی سےروزگار کے نئے مواقع، مختلف شعبوں میں معلومات کا تبادلہ اور مہارت میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان سی پیک کے تحت تعمیر و ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے اور سی پیک کو دوطرفہ تجارت اور تعاون کے لئے محفوظ راستہ بنا رہا ہے، فیڈمک زون میں اب تک 845 ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری آ چکی ہے۔

منصوبوں سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق چینی کمپنی فیبریکیٹڈ گھروں کی ٹیکنالوجی لے کر آئی ہے،5 مرلے کا گھر تقریباً 40 لاکھ روپے سے 40 دنوں میں تیار ہو گا۔ ملک میں بہت جلد الیکٹرک گاڑیاں کثیر تعداد میں نظر آئیں گی، 5 ایکڑ زمین پر فیکٹری قائم کی ہے اور تقریباً چین کی سیرامکس کی کمپنی ٹائلز کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کر رہی ہے،135 ایکڑ زمین پر 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق چین نے زراعت کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی کی ہے۔

جبکہ پاکستان زراعت کے شعبے میں ابھی تک وہ خاص مقام حاصل نہیں کرسکا جو ایک زرعی ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان کو حاصل کرنا چاہئے تھا۔ پاکستان زرعی شعبے میں چین کے تجربات سے بھر پور استفادہ کرنا چاہتا ہے تاکہ زرعی پیداوار کو بڑھایا جاسکے۔ زراعت کی ترقی کیلئے چین کی کمپنیاں کیڑے مار ادویات کی تیاری کیلئے سرمایہ کاری کررہی ہیں ۔حکام کاکہنا ہے کہ سی پیک فیز ٹو میں سپیشل اکنامک زونز پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔