محرم الحرام کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے،شوکت لالیکا

 عاشورہ کے دوران کسی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب کرنے کی اجازت نہ دی جائے،اجلاس سے خطاب

محرم الحرام کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے،شوکت لالیکا

لاہور:.  صوبائی وزیر زکوۃ و عشر پنجاب میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں استقامت کا درس دیتا ہے، موجودہ حالات میں جبکہ دشمن ہمیں آپس میں لڑانے کے مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں ہم سب کو یک جہتی  کے ساتھ ان عناصر کو شکست دینی ہے تاکہ کوئی شرپسند ہمارے اتحاد کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس بہاولنگر کے کمیٹی روم میں امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈپٹی کمشنر شعیب خان جدون اور ڈی پی او قدوس بیگ نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے کہا کہ امن کمیٹی کے اراکین امن اور رواداری کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں۔ اس موقع پر امن کمیٹی کے ممبران نے صوبائی وزیر اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔دریں اثناء میاں شوکت علی لالیکا کی زیر صدارت لا اینڈ آرڈر اور محرم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو ضلع بہاول نگر میں عاشورہ محرم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شوکت لالیکا نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی کیمروں سے جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور محرم میں امن و امان برقرار رکھنے کے فُول پروف انتظامات کو یقینی بنایاجائے۔ شوکت علی لالیکا نے کہا کہ عاشورہ کے دوران کسی کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اورملک دشمن و شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔