سری لنکا کے وزیر تجارت کی حافظ طاہر اشرفی سے ملاقات

پاکستان کے ساتھ تجارت ، معیشت، سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ،  سری لنکن وزیر تجارت

سری لنکا کے وزیر تجارت کی حافظ طاہر اشرفی سے ملاقات

اسلام آباد۔:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور و چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سری لنکا کے وزیر تجارت سے ملاقات کی۔ منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے پاک سری لنکا تعلقات کو تمام شعبوں میں بہتر بنانے بالخصوص بین المذاہب مکالمہ اور ہم آہنگی کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سیالکوٹ فیکٹری میں سری لنکن پریانتھا کمارا کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا۔ سری لنکن وزیر تجارت نے سری لنکن حکومت اور عوام کی طرف سے پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے قاتلوں کے خلاف فوری اقدامات اٹھانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن شہری کے قتل پر پاکستانی قوم اور حکومت نے جس رد عمل کا اظہار کیا اس پر سری لنکا میں اطمینان پایا جاتا ہے۔

سری لنکا اور پاکستان کے مذہبی قائدین کے درمیان مضبوط رابطے چاہتے ہیں ۔ پاکستان سری لنکا کے تعلقات بہت مضبوط اور مستحکم ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ، معیشت، سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت میں تعاون بڑھے ۔ اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔