آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر کورونا کی روک تھام کے حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری

6جون سے جاری آپریشن میں 242391دکانوں کو چیک کیا گیا جبکہ خلاف ورزی پر24088 دکانوں کو سیل اور بندکیا گیا, 234418گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور ٹرانسپورٹ وہیکلز کو ہدایات کی خلاف ورزی پر سول ایدمنسٹریشن نے جرمانے عائد کئے, پولیس ٹیمیں موذی وباء کورونا کی روک تھام کیلئے دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھیں: آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر کورونا کی روک تھام کے حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری

لاہور: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو محدود سے محدودرکھنے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں افسران واہلکارپہلے سے زیادہ تندہی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ افسران خود فیلڈ میں نکل کر ایس او پیز کی پاسداری کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ وبائی وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں ادویات اور اشیائے خوردونوش سمیت ضروری سازو سامان کی گاڑیوں کی آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے جبکہ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے باور کروایا جائے کہ احتیاطی تدابیر کی پابندی میں انہی کا فائدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سنٹرل پولیس آفس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو بتایا گیا کہ 6جون سے جاری آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں مارکیٹوں اور بازاروں میں اب تک مجموعی طور پر242391دکانوں کو چیک کیا گیا ہے جن میں خلاف ورزی پر24088 دکانوں کو سیل اور بندکیا گیاہے۔ شاہرات پر368914موٹر سا ئیکلوں،111304گاڑیوں اور69335 پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے مجموعی طور پر234418موٹر سائیکلوں،گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ وہیکلز کو ہدایات کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے جرمانے عائد کئے۔اسی طرح ایس او پیز کی پاسداری کے حوالے سے350097شہریوں کوچیکنگ کیلئے روکا گیا اور خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے79372کو جرمانہ کیا گیا۔گذشتہ روز ہونے والی کاروائیوں کے متعلق آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ24 جولائی کو صوبے بھر میں 3647 دکانوں کی انسپکشن کی گئی اورایس او پیز کی خلاف ورزی پر 234دکانوں کو سیل اوربندکیا گیا۔

اسی طرح6848موٹر سا ئیکلوں،1889گاڑیوں اور1151 پبلک ٹرانسپورٹ وہیکلز کو بھی چیک کیا گیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے مجموعی طور پر1485موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ وہیکلز کو جرمانے عائد کئے۔مجموعی طور پر4871شہریوں کو چیکنگ کیلئے روکاگیا اور خلاف ورزی پر5153 افراد کو سول ایڈمنسٹریشن نے جرمانہ کیا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کوایس او پیز کی خلاف ورزی پر کاروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ فیلڈ ڈیوٹی پرتعینات افسران و اہلکار کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرپر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ وہ خود موذی مرض سے محفوظ رہ کر شہریوں کی حفاظت اور خدمت کا فریضہ بہتر انداز میں سر انجام دے سکیں۔