امریکا کا آن لائن کلاسز کیلئے مزید غیر ملکی طلبہ لینے سے انکار

امریکا میں امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کے بیان میں غیر ملکی طلبہ کے لیے پالیسی بدلنے کا اعلان کیا گیا ہے، اس سے قبل امریکی صدر کورونا وباء کے دوران غیر ملکیوں کے لیے مختلف اقسام کے ویزا منسوخ کرچکے ہیں۔

امریکا کا آن لائن کلاسز کیلئے مزید غیر ملکی طلبہ لینے سے انکار

ٹرمپ انتظامیہ نے آن لائن کلاسز کے لیے مزید غیر ملکی طلبہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔ امریکا میں امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ کے بیان میں غیر ملکی طلبہ کے لیے پالیسی بدلنے کا اعلان کیا گیا ہے، اس سے قبل امریکی صدر کورونا وباء کے دوران غیر ملکیوں کے لیے مختلف اقسام کے ویزا منسوخ کرچکے ہیں۔ امریکی جامعات نے اب تک نئے سیمسٹر کے لیے داخلوں کا اعلان نہیں کیا ہے ، ہارورڈ یونیورسٹی نے بعض شرائط کے ساتھ اگلے تعلیمی سال کے لیے آن لائن کلاسز لینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ غیرملکی طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ نے ایسے غیرملکی طلبہ جو صرف آن لائن کلاسز لے رہے تھے انہیں امریکا چھوڑنے کا کہا تھا جس پر ہارورڈ، ایم آئی ٹی سمیت بڑی جامعات، ٹیچرز یونین اور 18 ریاستوں نے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ معاملہ عدالت میں جانے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔