شہباز شریف اور حمزہ شہباز وفاق اور پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طرز پر چلا رہے ہیں

باپ بیٹا پرائیویٹ لمیٹڈ پی ٹی آئی سے اپنے دائمی تعصب کے باعث پنجاب کے تاریخی بجٹ کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیئے کہ بزدار حکومت سردار عثمان بزدار کی عمیق قیادت میں کرونا سے لڑنے سے لیکر انتظامی و سیاسی معاملات تک تمام امور احسن طریقے سے چلا رہی ہے

شہباز شریف اور حمزہ شہباز وفاق اور پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طرز پر چلا رہے ہیں

لاہور :وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ دونوں باپ بیٹا شہباز شریف اور حمزہ شہباز وفاق اور پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طرز پر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باپ بیٹا پرائیویٹ لمیٹڈ پی ٹی آئی سے اپنے دائمی تعصب کے باعث پنجاب کے تاریخی بجٹ کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیئے کہ بزدار حکومت سردار عثمان بزدار کی عمیق قیادت میں کرونا سے لڑنے سے لیکر انتظامی و سیاسی معاملات تک تمام امور احسن طریقے سے چلا رہی ہے۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کی مدد سے پنجاب میں وینٹی لیٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں 66 نئے وینٹی لیٹرز، 34 پورٹیبل وینٹی لیٹرز اور 10 ایکسرے مشینیں پنجاب سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو مہیا کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر پنجاب میں آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بیڈز کی تعداد میں اضافے پر بھی کام جاری ہے۔ گزشتہ دس دن میں لاہور میں 557، راولپنڈی میں 380 اور ملتان میں 58 نئے بیڈز سسٹم میں شامل کیے گئے ہیں جن میں آئی سی یو بیڈز، آکسیجن بیڈز اور کرونا بیڈز شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر لاہور نشتر سپورٹس کمپلیکس میں جدید ترین سہولیات سے مزین ایک سپورٹس سکول کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

تعلیمی اداروں کے کھولے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہو? وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سردار عثمان بزدار نے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کے لیے متعلقہ اتھارٹیز کو ایس او پیز کی تیاری کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں تا کہ جب بھی سکول دوبارہ کھلیں، حکومت اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بچوں کی حفاظت کے لیے ایک پیج پر ہوں۔ علاوہ ازیں سردار عثمان بزدار پنجاب میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے واسا سمیت تمام متعلقہ اداروں کی تیاریاں مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سردار عثمان بزدار انتظامی و سیاسی معاملات کے ہر محاذ پر پوری مستعدی کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔ وفاق اور صوبے میں سردار عثمان بزدار کے مخالفین کو منہ کی کھانی پڑے گی۔