پی ٹی وی کا مقبول ترین ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ اب عربی زبان میں سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار

پی ٹی وی کا مقبول ترین ڈرامہ ’دھوپ کنارے‘ اب عربی زبان میں سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار

پاکستان ٹیلیوژن نیٹ ورک ( پی ٹی وی) کا مقبول ترین ڈرامہدھوپ کنارے‘ اب عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں کچھ خبریں زیر گردش تھیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پاکستانی ڈرامے عربی زبان میں ڈب کرکے سعودیہ عرب میں نشر کیے جائیں گے اور یہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے دورے کے بعد اسلام آباد اور ریاض کے درمیان شروع کردہ ’کلچرل ایکسچینج پروگرام‘ کا ایک حصہ تھا۔

اس منصوبے کے تحت پاکستان کے تین مقبول ترین ڈراموں کو شاٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں دھوپ کنارے، تنہائیاں اور آہٹ شامل تھے لیکن سرکاری ٹی وی چینل کے پاس کم بجٹ ہونے کی وجہ سے دو ڈراموں ’تنہائیاں اور آہٹ ‘ کی عربی ڈبنگ تاخیر کا شکار ہوگئی تاہم اس منصوبے کی نگراں ڈاکٹر لبنیٰ فرح کے مطابق ڈرامہدھوپ کنارے‘ کی عربی زبان میں ڈبنگ مکمل ہوگئی ہے اور اب یہ ڈرامہ سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔

اس ضمن میں پی ٹی وی کنٹرولر بین الاقوامی امور کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ دیگر دونوں ڈراموں پر پر کب زیر التوا کام دوبارہ شروع کیا جائے گا جبکہ پی ٹی وی کی سابقہ بین الاقوامی امور کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر کے مطابق یہ منصوبہ تین سال قبل شروع کیا گیا تھا لیکن فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے یہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ دوسری جانب وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ ڈرامہدھوپ کنارے‘ عربی زبان میں ڈب کرکے سعودیہ عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا پروجیکٹ ہے کہ جب پاکستان کے مقامی ڈراموں کو عربی زبان میں ڈب کرکے سعودی عرب کے ناظرین کے لیے نشر کیا جائے گا۔ اِس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر شہرہ آفاق ترک سریز ’ارطغرل غازی‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرکے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جارہا ہے جس نے پاکستانی عوام کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔