وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 31واں اجلاس، سمبلی(نارتھ) ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ

 پنجاب کابینہ کی13700ایکڑ اراضی پر سالٹ رینج نیشنل پارک کے قیام کیلئے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری، مینجمنٹ کیلئے کمیٹی تشکیل صوبائی محتسب کے عہدے کیلئے میجر (ر) اعظم سلیمان کی تقرری کی منظوری، گندم ریلیزپالیسی کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا 31واں اجلاس، سمبلی(نارتھ) ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج فلیٹیز ہوٹل میں صوبائی کابینہ کا 31واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سمبلی(نارتھ) ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ کیاگیا- پنجاب کابینہ نے13700ایکڑ اراضی پر سالٹ رینج نیشنل پارک کے قیام کیلئے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دے دی -نیشنل پارک میں درخت کاٹنے اور شکار پر پابندی ہوگی اورنیشنل پارک کی اراضی کسی دوسرے مقصد کے لئے استعمال نہیں ہوسکے گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیشنل پارک کی مینجمنٹ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی نیشنل پارک کے امور کی نگرانی کرے گی-

صوبائی کابینہ نے پنجاب میں صوبائی محتسب کے عہدے کیلئے میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی تقرری کی منظوری دی-اجلاس میں فلور ملوں کو گندم ریلیز کرنے کے لئے عبوری پالیسی 2020-21 کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا-سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی گندم ریلیز کرنے کی پالیسی کے بارے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی-کابینہ اجلاس میں دی کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ 1925 اور دی پنجاب ان ڈیزار ایبل (Undesirable)کوآپریٹو سوسائٹیز (Dissolution) ایکٹ 1993 میں ترامیم کی منظوری دی گئی- پنجاب کابینہ کے اجلاس میں رواں سیزن میں ریکارڈ گندم خریدنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار،سینئر وزیرعبدالعلیم خان اور محکمہ خوراک کی کارکردگی کی تعریف کی گئی-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے 10سال کے بعد پہلی بار ریکارڈ گندم خریدی ہے- پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں -گندم ریلیز کی پالیسی کو حتمی شکل دیتے ہوئے عام آدمی کو ریلیف دینے پر پوری توجہ دی جائے-انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کمزور طبقے کے لئے آسانیاں پیدا کررہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی- فلورملوں کو گندم کے اجراء کے حوالے سے پالیسی بناتے وقت کمزور طبقے کاخیال رکھا جائے گا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزراء کو بجٹ سیشن میں بھرپور انداز میں شرکت کرنے کی ہدایت کی- اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔