وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہنگری کے ہم منصب پیٹر سجارتو کے ہمراہ ہنگری۔ پاکستان تجارتی و اقتصادی ونڈو اور ہنگری ۔ پاکستان بزنس فورم سے خطاب

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہنگری کے ہم منصب پیٹر سجارتو کے ہمراہ ہنگری۔ پاکستان تجارتی و اقتصادی ونڈو اور ہنگری ۔ پاکستان بزنس فورم سے خطاب

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، ہنگری کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔دونوں ملکوں کے مابین توانائی، متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وزیر خارجہ جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور ہنگری کے مابین تجارتی و اقتصادی ونڈو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔افتتاحی تقریب وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوئی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ہنگری کےہم منصب پیٹر سجارتو نے (وڈیو لنک کے ذریعے) بیک وقت ہنگری۔ پاکستان تجارتی و اقتصادی ونڈو اور پہلے ہنگری ۔ پاکستان بزنس فورم میں مشترکہ طور پر شرکت کی.شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہنگری کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس ونڈو کے کھلنے سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ میں اضافہ ہو گا ۔ہمیں خوشی ہے کہ ہنگری پاکستانی طلبا کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے جس پر ہم ہنگری کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم پاکستان، ہنگری مشترکہ اقتصادی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی کے لئے تیار ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہم اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں بدل رہے ہیں جبکہ کاروبار میں سہولت کی عالمی درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی رینکنگ میں 28 درجے بہتری آئی ہے

جو ہماری مثبت اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے مابین توانائی، متبادل توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ اور سیاحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ، دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا موجب بن سکتا ہے۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہنگری کی بڑی فوڈ، ٹیکنالوجی، میڈیکل اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہیں۔فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ہماری زرعی یونیورسٹی، پاکستان کی ایگریکلچر کونسل کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ہنگری کے وزیر خارجہ نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہنگری کے وزیر خارجہ جناب پیٹر سجارتو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے خوشی اور شکریے کے ساتھ قبول کی۔ہنگری کے وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ایک بڑے کاروباری وفد کے ہمراہ جلد پاکستان تشریف لائیں گے.