اسلام آباد :دنیا بھر کی حکومتیں عوام اور کاروبار و صنعت کو کووڈ 19 کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے انتہائی مشکل حالات میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، ان کاوشوں کو مزید موثر بنانے کے لیے کورونا وائرس سے تحفظ کے اقدامات پر خرچ کی جانے والی رقوم کی مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نےکہا ہے کہ بہتر گورننس کی مدد سے عالمی سطح پر حکومتیں جاری بحران کے دوران اخراجات میں زیادہ سے زیادہ شفافیت کو یقینی بنا سکتی ہیں۔ اس حوالہ سے وبا کے تدارک اور تحفظ کے سلسلہ میں کی جانے والی تمام تر خریداری کے معاہدوں کی باقاعدہ اشاعت اور کمپنیوں کے مالکان کی معلومات کی اشاعت سے شفافیت کے عمل میں زیادہ سے زیادہ بہتری لائی جا سکتی ہے۔ عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کے اخراجات کی رپورٹ اور ان کے آڈٹس کے نتائج کی باقاعدہ تشہیر و اشاعت بھی شفافیت کے فروغ کا سبب بن سکتی ہے۔
آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجہ میں بدعنوانی کے امکانات کو کم سے کم کرنے میں مدد حاصل ہوگی اور کم ترقی یافتہ اور غریب ممالک کو مالی امداد فراہم کرنے والے ممالک اور اداروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی عالمی وبا کی موجودہ ہنگامی صورتحال میں بدعنوانی کا تدارک انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام اور کاروباروں کے تحفظ کے لیے فراہم/مختص کی گئی رقوم کا زیادہ سے زیادہ درست استعمال ہو سکے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اور کاروباروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے