زیرزمین معدنیات کے خزانوں کو استعمال میں لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، میاں اسلم اقبال

معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لئے محکمہ معدنیات کوروائتی طریقوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت

زیرزمین معدنیات کے خزانوں کو استعمال میں لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، میاں اسلم اقبال

لاہور :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ معدنیات کی کارکردگی، زیر زمین معدنیات کے تخمینہ وتلاش اور سائٹس کی لیزکے امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری معدنیات، مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ، ڈی جی معدنیات، ماہرین اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرزمین معدنیات کے خزانوں کو استعمال میں لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگنے سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔

برسوں سے غیر استعمال شدہ لیزایریاز کو استعمال میں لانے کے لئے بھی موثر پالیسی بنانا ہوگی، صوبائی وزیر نے کہا کہ سیمنٹ ایکسپورٹ ایبل آئٹم ہے اس کی پیداوار بڑھا کر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے، صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ سوڈا ایش کی مقامی سطح پر تیاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ زمین میں چھپے خزانوں کو بروئے کار لا کر ملک کی تقدیر بد لیں گے، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لئے محکمہ معدنیات کو روائتی طریقوں سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ محکمہ معدنیات کاریونیو بڑھانے کے لئے آیندہ اجلاس موثر لائحہ عمل پیش کرے اور اہداف طے کر کے ان کے حصول کے لئے محنت سے کام کیا جائے، سیکرٹری معدنیات نے معدنی وسائل کے تخمینے وتلاش اور انہیں استعمال میں لانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔