مساجد اور منبر سے وباء کیخلاف جہاد جاری رہے گا

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت کو علماء کرام کا تعاون اور مشاورت درکار ہے

مساجد اور منبر سے وباء کیخلاف جہاد جاری رہے گا

لاہور : سیاسی معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ مساجد اور منبر سے وباء کیخلاف جہاد جاری رہے گا۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں حکومت کو علماء کرام کا تعاون اور مشاورت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی پہلی لہر کے دوران علماء کی رہنمائی اور تعاون کی بدولت وائرس پر قابو پانے میں بے حد مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کیوجہ سے کورونا وائرس دوبارہ پھیل رہاہے، علماء کرام عوام کو معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہو ں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مسجد اور منبر کی بہت اہمیت ہے اور لوگ علماء کرام کی بات پر یقین اور عمل کرتے ہیں۔ دین اسلام انسانی جان کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے، علماء کرام مساجد میں عبادات کے دوران ایس اوپیز پر عملدرآمد کیساتھ ساتھ لوگوں میں سماجی فاصلہ اور ماسک کے استعمال سے متعلق آگاہی بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ وباء کی دوسری لہر پر قابو پانے کا واحد حل ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا اور اسلام کی جانب سے فراہم کردہ رہنما اصولوں پر عمل کرنا ہے۔حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں ہدایت کی ہے کہ صوبائی حکومت کورونا وباء کی دوسری لہر کے دوران کاروبار اورمعیشت کو احتیاطی تدابیر کیساتھ رواں رکھنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاہم لوگوں کی صحت اورزندگیوں کے تحفظ کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وباء کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے میرج ہال مالکان ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپن ایئر شادی تقریبات میں ماسک کی پابندی، سماجی فاصلہ اور دیگر ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔