کورونا وائرس کا شکار ہونے والے جوڑے نے قرنطینہ وارڈ میں شادی کرلی

کورونا وائرس کا شکار ہونے والے جوڑے نے قرنطینہ وارڈ میں شادی کرلی

برطانیہ میں شادی سے چند ماہ قبل کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے جوڑے نے طبیعت بگڑنے پر قرنطینہ وارڈ میں ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنادیا۔ برطانیہ میں دو محبت کرنے والوں ایلزبتھ کیر اور سمن او بریئن کو رواں برس جون میں شادی کرنا تھی تاہم دونوں ہی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے اور سانس لینے میں تکلیف کے باعث دونوں کو ایک ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں کے پھیپھڑے بری طرح متاثر ہوئے تھے اور سانس لینے میں دشواری کے باعث انہیں مصنوعی طریقے سے آکسیجن دی جارہی تھی۔

اس دوران سمن او بریئن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی جس پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس سے قبل جوڑے نے آخری خواہش کے طور پر شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جسے طبی عملے نے ممکن بنایا۔ ایک سادہ سی تقریب میں دونوں نے کیک کاٹا اور انگوٹھی پہنائی۔ اس موقع پر دونوں کے اہل خانہ بھی وارڈ کے باہر موجود تھے۔ شادی کی مختصر تقریب کے بعد سمن او بریئن کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا بعد ازاں وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑا۔ اہل خانہ اور طبی عملہ نوبیاہتا جوڑے کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔