چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس

 ملزم گرفتار، بچی کو ہر قسم کی قانونی اور طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔ سارہ احمد

چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس

لاہور: چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے فیصل آباد میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کی ٹیم نے تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کو تحویل میں لے لیا۔ اس حوالے سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا کہ فیصل آباد میں 13سالہ یاسمین کو برتن ٹوٹنے پر مالکن نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مالکن کے تشدد کے بعد بچی گھر سے خوفزدہ ہو کر فرار ہو گئی۔ بچی کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بچی کے چہرے، سر، ہاتھوں اور ٹانگوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے میڈیکل کروادیا گیا ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کروادی گئی ہے۔گھریلو ملازماؤں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی افسوناک ہیں۔متاثرہ بچی کو ہر قسم کی قانونی اور طبی  معاونت فراہم کی جائے گی۔ سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کاوشوں کے باعث ملزم عثمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔