محکمہ جنگلات کے تحت فیملی پارک کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا

بلین ٹری سونامی پروگرام ہدف کی تکمیل جانب گامزن ہے سٹی فیملی پارک کلین گرین پاکستان مہم کا تسلسل ہے: وزیر جنگلات سبطین خان

محکمہ جنگلات کے تحت فیملی پارک کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا

لاہور: محکمہ جنگلات پنجاب کی زیر نگرانی میانوالی میں خوبصورت فیملی پارک تعمیر ہوگا۔ اس ضمن میں پارک کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 4 ایکڑ اراضی پر مشتمل پارک پانچ کروڑکی لاگت سے 4 ماہ کے مختصر عرصہ میں مکمل ہوگا۔ اس فیملی پارک کی تکمیل سے جہاں شہریوں کو تفریحی سہولیات میسر آئیں گی وہیں شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی واقع ہو گی۔ صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان کا کہنا ہے کہ سٹی فیملی پارک وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سرسبز و شاداب بنا کر ہی جائیں گے۔ اس ضمن میں سونامی ٹری پلانٹیشن پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں شجر کاری کو وسیع بنیادوں پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2023 تک 46 کروڑ درخت لگائے جانے کا ہدف ہے جبکہ ضلع میانوالی میں پندرہ ہزار ایکڑ رقبہ پر جنگلات لگائے جارہے ہیں۔ دیگر اضلاع میں بھی زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سبطین خان نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہرا بھرا پنجاب لوگوں کو نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹی فیملی پارک جہاں میانوالی کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا وہیں اہلیانِ میانوالی کیلئے ایک بہترین تحفہ بھی ثابت ہوگا۔ محکمہ جنگلات اس پراجیکٹ کی مکمل نگرانی کرے گا۔