ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر رانا طاہر رحمٰن خان کے زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد

بھکر پولیس کے جملہ افسران نے شرکت کی

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر رانا طاہر رحمٰن خان کے زیر صدارت کرائم میٹنگ کا انعقاد

تفصیلات کے مطابق ضلع میں کرائم کی مجموعی صورتحال اور امن و امان کا جائزہ لینے کیلئے کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی پی او بھکر رانا طاہر رحمٰن خان کے زیر صدارت میٹنگ ہال پولیس لائن میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں جملہ ایس ڈی پی اوز، جملہ ایس ایچ اوز، انچارج کرائم سیل اور ہیڈ آف برانچ ڈی پی او آفس نے شرکت کی۔ اس دوران ہر تھانے کے انفرادی کرائم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تھانہ وائز سنگین مقدمات کوڈسکس کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او بھکر نے جملہ پولیس افسران کو اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی۔ سنگین مقدمات کی یکسوئی کیلئے متعلقہ ایس ڈی پی او کو ہدایت کی گئی کہ ذاتی طور کیس کی نگرانی کریں اور حقائق کی روشنی میں یکسوئی یقینی بنائیں۔ اغواء کے مقدمات میں مغویان کو فوری برآمدکروایا جائے اور عدالتی کاروائی مکمل کی جائے۔ موٹر سائیکل چوری کے بقیہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے برآمدگیاں کروائی جائیں۔ پولیس حراست سے فراری، پولیس حراست میں موت، غیر قانونی حراست اور ٹارچر کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانونی طور پر بھی اس کی سخت ممانعت ہے اور آئی جی پنجاب کی طرف سے اس ضمن میں واضح پالیسی جاری کی جا چکی ہے جس کی رو سے ذمہ دار افسران و ملازمان کے خلاف سخت محکمانہ و قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔تھانہ جات کے فرنٹ ڈیسک پر موصول ہونے والی درخواستوں پر باضابطہ کاروائی عمل میں لاتے ہوئے درخواست گزار کی صحیح معنوں میں داد رسی کی جائے۔ تمام تھانہ جات میں سی سی ٹی وی کیمروں کوہر صورت ورکنگ حالت میں رکھا جائے۔ معاشرتی جرائم میں منشیات، ناجائز اسلحہ، جواء، سود خوروں اور قحبہ خانوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ ان جرائم کے خلاف کاروائی کیلئے سرچ آپریشنز کا شیڈول بھی ترتیب دیا جا چکا ہے۔ ہر ماہ کے آخرمیں تمام تھانوں کی سرچ آپریشنز کاروائیوں کا انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے گااور اس ضمن میں متعلقہ ایس ایچ او سے باز پرس کی جائے گی۔