دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے خواجہ آصف اپنے قائد نواز شریف کے گریبان میں جھانکیں: فیاض الحسن چوہان

خواجہ آصف چاہیں تو لکشمی چوک میں میرے ساتھ اس معاملے پر مناظرہ کر لیں۔ انہوں نے خواجہ آصف کو چیلنج کرتے ہوۓ  کہا کہ اگر میں نواز شریف بمعہ اہل و عیال کو اسامہ بن لادن کا پیروکار ثابت نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دوں گا

دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے خواجہ آصف اپنے قائد نواز شریف کے گریبان میں جھانکیں: فیاض الحسن چوہان

لاہور : وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے خواجہ آصف کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان پر اسامہ بن لادن کے حوالے سے تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے خواجہ آصف اپنے قائد نواز شریف کے گریبان میں جھانکیں جو اسامہ بن لادن کے سچے پیروکار تھے، اور جنہوں نے 1989 میں بینظیر بھٹو شہید کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد لانے کے لیے اسامہ بن لادن سے دس ملین ڈالرز لیے تھے۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ نواز شریف نے اُس وقت یہ رقم اسمبلی میں ایم این ایز کی خریدوفروخت کے لیے استعمال کرنا تھی، لیکن عادت سے مجبور ہو کر میاں نواز شریف نے دس ملین ڈالرز ترخود ہی ہڑپ لیے۔ انہوں نے کہا کہ سارے پیسے اپنی جیب میں ڈال لینے کہ وجہ سے بینظیر بھٹو شہید کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام ہو گئی تھی۔ فیاض الحسنِ چوہان نے دعویٰ کیا کہ بینظیر بھٹو شہید کا انٹرویو میری اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ خواجہ آصف چاہیں تو لکشمی چوک میں میرے ساتھ اس معاملے پر مناظرہ کر لیں۔ انہوں نے خواجہ آصف کو چیلنج کرتے ہوۓ  کہا کہ اگر میں نواز شریف بمعہ اہل و عیال کو اسامہ بن لادن کا پیروکار ثابت نہ کر سکا تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ بصورت دیگر خواجہ آصف اسمبلی میں رنگ بازی کرنا چھوڑ کر الفلاح تھیٹر میں جگت بازی شروع کر دیں۔