عالمی بنک پنجاب میں صاف پانی کے منصوبوں کے لئے 442.4 ملین ڈالر فراہم کرے گا

عالمی بنک پنجاب میں صاف پانی کے منصوبوں کے لئے 442.4 ملین ڈالر فراہم کرے گا

اسلام آباد :عالمی بنک پنجاب کے 16 اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے منصوبوں کے لئے 442.4 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں وزارت اقتصادی امور اور عالمی بنک کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ منصوبے کے تحت پنجاب کے 16 اضلاع کے 2000 دیہات اور ان سے منسلک 8 ہزار علاقوں میں پینے کے لئے صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے چھوٹے چھوٹے منصوبے مکمل کئے جائیں گے

۔وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اس موقع پر بتایا کہ دیہات کے 60 لاکھ افراد پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور بچوں کی نشوونما کے لئے اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے لوگوں پر سرمایہ کاری اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کی عکاسی ہو رہی ہے۔

منصوبے سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور دیہی علاقوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان میں پائیدار معاشی ترقی کے لئے عالمی بنک کی مالی اور فنی معاونت کی تعریف کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس منصوبے میں جنوبی پنجاب کے آٹھ اضلاع بہاولنگر، بہاولپور، ڈی جی خان، لودھراں، ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور راجن پور جبکہ وسطی اور شمالی پنجاب کے آٹھ اضلاع بھکر، چکوال، چنیوٹ، جھنگ، خوشاب، میانوالی، پاک پتن اور سرگودھا شامل ہیں