پاکستان اور مشرقی ایشیا کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ

پاکستان اور مشرقی ایشیا کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ

اسلام آباد: چین، جاپان،جنوبی کوریا سمیت مشرقی ایشیا کے دیگرممالک کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مشرقی ایشیا کوپاکستان کی برآمدات میں 44.74 فیصد جبکہ درآمدات میں 45.46 فیصدکی نموہوئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں چین، جاپان، جنوبی کوریا اورمشرقی ایشیا کے دیگرممالک کو برآمدات سے ملک کو2.066ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.74 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی ایشیاکے ممالک کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 1.427 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، جنوری میں مشرقی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کاحجم 337.71 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جنوری میں 247.93 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2021میں مشرقی ایشیا کے ممالک کوبرآمدات سے ملک کو2.761ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں مشرقی ایشیاکے ممالک سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 45.46فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی سے لیکرجنوری 2021 تک کی مدت میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کا حجم 12.490 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.587 ارب ڈالرتھا،جنوری میں مشرقی ایشیاکے ممالک سے 1.737 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ سال جنوری میں 1.372 ارب ڈالرتھیں، مالی سال 2021 میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر16.81ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔