صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے عید الفطر اپنے حلقے میں گزاری

سینٹرل جیل ساہیوال کا دورہ اور کیتھولک چرچ اوکاڑہ میں راشن بھی تقسیم کیا

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے عید الفطر اپنے حلقے میں گزاری

لاہور : صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے عید الفطر اپنے حلقے اوکاڑہ میں گزاری جبکہ عید کے پہلے روز انہوں نے سینٹرل جیل ساہیوال کا دورہ کیا اور اسیران سے ملاقات کے دوران جیل ملازمین میں عیدی اور تحائف وغیرہ کی تقسیم کی۔اس کے علاوہ صوبائی وزیر نے کچن اسیران کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے جیل میں مقید اسیران کے لئے تیار کیے گئے کھانے کو چیک کیا اور معیاری قرار د جبکہ جیل میں قیدیوں کو علاج و معالجے کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

اسیران جیل سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ معمولی جرائم کے باعث جیلوں میں سزا پانے والے افراد کو رہا کیا گیا تاکہ اپنے پیاروں کے سنگ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں کیونکہ تحریک انصاف کا سلوگن ہے کہ نفرت جرم سے کی جائے ناکہ انسان سے۔عید کے اگلے روز صوبائی وزیر نے کیتھولک چرچ اوکاڑہ میں مسیحی برادری اورمستحق لوگوں میں راشن تقسیم کیا اس دوران کورونا وائرس سے متعلق تمام تر ہدایات پر سختی سے عمل کیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنی مسیحی برادی کے سنگ کھڑی ہے اور بخوبی آگاہ ہے کہ متوسط طبقہ بالخصوص دیہاڑی دار اورمزدور وغیرہ سخت پریشان ہیں تاہم عوام یقین رکھے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت بہت جلد اس مشکل سے باہر نکل آئیں گے ۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ کورونا کے وار سے بچنے کےلئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہوگا۔