پاک افغان دوروزہ میڈیا کنکلیوبدھ سےاسلام آباد میں شروع ہوگا، دونوں ممالک کے میڈیا اورابلاغ عامہ کے ماہرین تعاون میں اضافہ ،مشترکہ اقتصادی فوائد کیلئے اقدامات پرغور کریں گے

پاک افغان دوروزہ میڈیا کنکلیوبدھ سےاسلام آباد میں شروع ہوگا، دونوں ممالک کے میڈیا اورابلاغ عامہ کے ماہرین تعاون میں اضافہ ،مشترکہ اقتصادی فوائد کیلئے اقدامات پرغور کریں گے

اسلام آباد :پاک افغان دوروزہ میڈیا کنکلیوکل (بدھ سے) وفاقی دارالحکومت میں شروع ہورہاہے۔دوروزہ میڈیا کنکلیو کا اہتمام پاک افغان یوتھ فورم اورانسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز نے وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کے تعاون سے کیاہے۔

میڈیا کنکلیو میں پاکستان اورافغانستان کے میڈیا اورابلاغ عامہ کے شعبوں کے ماہرین دونوں ممالک کے میڈیا کے درمیان تعاون ، باہمی رابطوں کے فروغ ، میڈیا کے ذریعہ جامع اقتصادی راہداری کے قیام، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ذریعہ خطہ کے نوجوانوں کیلئے پیداہونے والے مواقع،کھیلوں وثقافتی سرگرمیوں کے ذریعہ تعاون میں اضافہ اورمشترکہ اقتصادی فوائد کیلئے اقدامات وامکانات پرغور کریں گے۔دوروزہ میڈیا کنکلیو کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فوادحسین ہوں گے جو اس موقع پرکلیدی خطاب کریں گے۔

منتظمین کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کنکلیوکے پہلے روز پاکستان اورافغانستان کے میڈیا کے درمیان تعاون پر مباحثہ ہوگا ،اس مباحثہ میں پاکستان سے نسیم زہرہ،ہارون شاہ اورسفیرمنصوراحمدخان جبکہ افغانستان سے جاوید ہاشم کاکڑ، شگفتہ صدیقی اوررابعہ سادات حصہ لیں گی جبکہ ماڈریٹر کے فرائض نادیہ نقی انجام دے گی۔پہلے روز کے دوسرے سیشن میں دونوں ممالک کے شرکا جامع اقتصادی راہداری کے قیام میں میڈیا کے کردارپرگفتگوکریں گے جس میں پاکستان سے حسن خان، رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار اورافغانستان سے اسد کھوسہ، عرفان سینان اورزہرہ صدیقی شامل ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چئیرمین سینیٹرفیصل جاوید گیسٹ آف آنر کے طورپرکلیدی خطاب کریں گے۔

پاک افغان دوروزہ میڈیا کنکلیوکے دوسرے روز پہلے سیشن میں تفریحی صنعت وسپورٹس جرنلزم کے زریعہ رابطوں کے فروغ پر مباحثہ ہوگا جس میں پاکستان سے جاویدشیخ، طاہرخان اورعثمان پیرزادہ جبکہ افغانستان سے فریدالدین عظیم اورابراہیم مہمند حصہ لیں گے۔وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات فرخ حبیب اس موقع پرکلیدی خطاب کریں گے۔دوسرے سیشن میں مباحثہ کاموضوع امن کی راہداری۔۔۔سی پیک ، ترقی ونوجوان آبادی ہوگا جس میں ہارون رشید ماہرانہ رائے دیں گے جبکہ رکن قومی اسمبلی عندلیب عباس کلیدی خطاب کریں گی۔دوروزہ میڈیا کنکلیو کے اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری ہوں گے ، وہ اس موقع پرکلیدی خطاب بھی کریں گے