کووڈ۔19 کی وبا سے تحفظ کی پالیسی ہی معاشی پالیسی ہے، عالمی مالیاتی فنڈز

کووڈ۔19 کی وبا سے تحفظ کی پالیسی ہی معاشی پالیسی ہے، عالمی مالیاتی فنڈز

اسلام آباد :کووڈ۔19کی وبا سے تحفظ کی پالیسی ہی معاشی پالیسی ہے۔ عالمی سطح پر میکرو اکنامک و مالیاتی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ صحت کے مسائل کے خاتمہ کے بغیر معاشی مشکلات کا خاتمہ ناممکن ہے۔

اس لئے عالمی سطح پر کورونا وائرس سے تحفظ کی پالیسی ہی دنیا بھر کی معاشی پالیسی کی حیثیت رکھتی ہے۔ دنیا بھر کے ممالک اور عالمی ادارہ صحت ‘ عالمی بینک اور گلوبل الائینس فار ویکسینز اینڈ ایمو نائیزیشن کے علاوہ دیگر شراکت دار عالمی وبا سے تحفظ کے لئے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں۔ کووڈ۔19 کی وبا کے آغاز سے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود دنیا بھر میں وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

اس صورتحال میں انسانی جانوں کے تحفظ اور اقتصادی مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ نے خبر دار کیا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی بحالی کی شرح کم ہو رہی ہے جس کے نتیجہ میں امیر اور ترقی یافتہ ممالک اور غریب ملکوں کے درمیان موجود فرق میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔

آئی ایم ایف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ کم آمدنی والے غریب ممالک اور ترقی پذیر ملکوں میں کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات کریں کیونکہ صحت کے موجودہ بحران کے خاتمہ کے بغیر اقتصادی مسائل کا خاتمہ ناممکن ہے۔ اس طرح کووڈ۔19 کی موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں وبا سے تحفظ کے لئے صحت کی پالیسی اب معاشی پالیسی کا درجہ اختیار کرچکی ہے