میاں اسلم اقبال کی موجودگی میں فیڈمک آفس میں دو چینی کمپنیوں کے مابین اشتراک کار کا معاہدہ

 چینی کمپنیاں فیصل آباد میں سمارٹ فون کی مینوفیکچرنگ کا پہلا پلانٹ لگائیں گی،منصوبے میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں،صوبائی وزیرصنعت وتجارت

میاں اسلم اقبال کی موجودگی میں فیڈمک آفس میں دو چینی کمپنیوں کے مابین اشتراک کار کا معاہدہ

لاہور:صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی موجودگی میں فیڈمک آفس میں دو چینی کمپنیوں کے مابین اشتراک کار کا معاہدہ طے پا یا۔ اس  معاہدے کے تحت چینی کمپنیاں باہمی اشتراک سے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں سمارٹ فون کی مینوفیکچرنگ کا پہلا پلانٹ لگائیں گی۔ابتدائی طور پرچینی کمپنیاں اس منصوبے میں 10 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی۔ مینوفیکچرنگ پلانٹ کے لگنے سے سمارٹ موبائل فون مقامی سطح پر ہی تیار ہوں گے۔

معاہدے پر نائب صدر ویوو (VIVO)کمپنی دوآن تائی پنگ (Mr Duam Tai Ping)اور دوسری کمپنی کے ڈائریکٹر مینوفیکچرنگ ژونگ بن (MrZhang Bin)نے دستخط کیے۔فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او عامر سلیمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کمپنیوں کے اشتراک سے ایم تھر ی انڈسٹریل اسٹیٹ میں سمارٹ فون کے مینو فیکچرنگ پلانٹ کے منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار وں کو یہاں سرمایہ کاری کے حوالے سے مکمل تحفظ حاصل ہے اورغیرملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی نبیادوں پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سرمایہ کار ی کے فروغ اور صنعت کاری کے عمل کو تیز کر کے روزگارکے مواقع بڑھانا حکومت کی پالیسی ہے۔ چینی کمپنی کے صدر نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول موجود ہے،ہماری کمپنی یہاں مزید سرمایہ کاری بھی کرے گی۔