میاں اسلم اقبال کا گوجرانوالہ کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کا دورہ، ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا

جو لوگ برسوں سے انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹس لیکر بیٹھے ہیں فوری صنعتی یونٹس لگائیں ورنہ پلاٹس کینسل کر دیئے جائیں گے

میاں اسلم اقبال کا گوجرانوالہ کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کا دورہ، ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا

لاہور:صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن جب استعفے دے گی تو حکومت بھی اپنا پلان دے دیگی۔ جلسوں اور ریلیوں کی طرح اپوزیشن کا استعفوں کا ڈرامہ بھی ناکام ہوگا کیونکہ عوام کو اِن کی منفی اور انتشار کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔ صنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ دار ی ہے اور اِن کی جائزہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انڈسٹریل اسٹیٹس کی مکمل آباد کار ی حکومت کی پالیسی ہے۔ 1992 سے جو لوگ انڈسٹریل اسٹیٹس میں پلاٹس لیکر بیٹھے ہیں وہ فوری یہاں صنعتی یونٹس لگائیں بصورت دیگر اُن کے پلاٹس کینسل کر دیئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اِن خیالات کا اظہار آج گوجرانوالہ کی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صد ر ایوان ِ صنعت و تجارت گوجرانوالہ عمر اشرف مغل، سابق صدور چیمبر اور بزنس کمیونٹی کے افراد بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے گوجرانوالہ کی چاروں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ فور 150 ایکڑ رقبے پر بنائی جا رہی ہے اور اس میں 5 مرلے سے 44 ایکڑ تک انڈسٹریل پلاٹس دستیاب ہیں اور تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گااور چاروں سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگنے سے علاقے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ صوبائی وزیر نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ 2010 سے صوبے میں نیا سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لیے کسی کو این او سی جاری نہیں ہوا تھا۔ موجودہ حکومت نے این او سی کے اجراء کے عمل کو 90 دن تک محدود کیا ہے اور اب تک 10 این او سی جاری ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگنے سے صوبے میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری ہونے جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت گوجرانوالہ انڈسٹری کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔سیالکوٹ موٹروے گوجرانوالہ لنک روڈ تعمیر کیا جائے گا۔