کرشمہ کپور کا کرئیر میری وجہ سے بنا، جوہی چاولہ

کرشمہ کپور کا کرئیر میری وجہ سے بنا، جوہی چاولہ

بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کا کہنا ہے کہ اداکارہ کرشمہ کپور کا بالی ووڈ میں  کیریئر اُن کی وجہ سے بنا ہے۔ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے اپنے ایک انٹرویو میں اِس بات کا انکشاف کیا کہ وہ ایک انا پرست خاتون ہیں۔ جوہی چاولہ نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’ماضی میں بہت احمقانہ باتیں سوچا کرتی تھی مجھے ایسا لگتا تھا کہ اگر میں کام نہیں کروں گی تو بالی ووڈ کی فلم انڈسٹری رُک جائے گی۔

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے اپنی انا کے خاطر بہت سے ایسے مواقع ٹُھکرائے ہیں کہ اگر میں وہ کرلیتی تو مجھےبہت زیادہ شہرت ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ ’ماضی میں کچھ ایسی فلموں کو ٹھکرایا جو میں کرسکتی تھی لیکن صرف زیادہ محنت اور کام کی وجہ سے میں نے وہ فلمیں چھوڑ دی تھیں کیونکہ مجھے زیادہ محنت و مشقت والے کام کرنا پسند نہیں ہیں۔

جوہی چاولہ نے کہا کہ ’ماضی کی وہ فلمیں نہ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ میں صرف اُن لوگوں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں جن سے میں راضی ہوتی ہوں اور جن کے ساتھ مجھے کام کرکے خوشی ملتی ہے۔بھارتی اداکارہ نے کہا کہ ’بالی ووڈ کی دو سُپر ہٹ فلمیں ’دل تو پاگل ہے‘ اور ’راجہ ہندوستانی‘ کی مجھے آفر ہوئی تھی لیکن اپنی انا کی خاطر اور محنت کی وجہ سے میں نے اِن دونوں فلموں میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ ’اِن دونوں فلموں کو بہت کامیابی ملی تھی اور میرے انکار نے دوسرے لوگوں کو فلمی دُنیا کا ستارہ بنادیا تھا۔جوہی چاولہ نے کہا کہ ’فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں اچھی اداکاری کرنے پر کرشمہ کپور کو قومی ایوارڈ بھی ملا تھا۔‘