علماء کرام وراثت میں خواتین کے حقوق،بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل سے متعلق آ گاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

علماء کرام وراثت میں خواتین کے حقوق،بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل سے متعلق آ گاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مساجد میں اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علما کرام وراثت میں خواتین کے حقوق،بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل سے متعلق آ گاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کومرکزی رویت ہلال کمیٹی کے وفد کی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں ملاقات کے دوران کیا۔صدرمملکت نے کہا کہ علماء کرام مساجد کے ذریعے لوگوں میں اہم سماجی موضوعات پر اسلام کی تعلیمات واضح کریں، اسلام نے سب سے پہلے خواتین کو وراثت کا حق دیا، علماء کرام وراثت میں خواتین کے حقوق پر مساجد کے ذریعے لوگوں میں آگاہی پیدا کریں،

انہوں نے کہا کہ علماء بڑھتی ہوئی آبادی اور صحت کے مسائل کے متعلق لوگوں کو تعلیم دیں، انہوں نے کہا کہ علماء کرام معاشرتی اصلاح اور اخلاقی اقدار کے فروغ کیلئے کام کریں ۔علماء منبر و محراب کے ذریعے بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں، علماء کرام نےکورونا کے دوران لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے ،ایس او پیز پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا،

صدر مملکت نے تمام رویت ہلال کمیٹیوں کو فعال بنانے پر چیئرمین ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے کردار کو سراہا۔ملاقات میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی ، زونل رویت ہلال کمیٹی کے ممبران اور اعلیٰ حکام کی بھی شرکت کی.