صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا  آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسویشن کے سالانہ اجلاس سے خطاب

وزیر اعلیٰ پنجاب یکم اکتوبر کو پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح کریں گے  متاثرہ کاروبار کی بحالی، موجودہ کاروبار کے فروغ اور نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے 1 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے  صنعت کاروں اور تاجروں کے ساتھ کھڑا ہوں، ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر جگہ آواز اٹھاؤں گا، میاں اسلم اقبال

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کا  آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسویشن کے سالانہ اجلاس سے خطاب

لاہور: صوبائی وزیر صنعت وتجار ت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب یکم اکتوبر کو پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح کریں گے۔اس سکیم کے تحت کورونا سے متاثرہ کاروبار کی بحالی، موجودہ کاروبار کے فروغ اور نیا کاروبار شروع کرنے کے لئے 1 لاکھ سے 1 کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جائیں گے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے لئے 4 سے 5 لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جارہے ہیں۔

اگر کسی حکمران کا کسی منصوبے میں ذاتی مفاد ہو تو وہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا۔یہی وجہ ہے کہ سابق اداور میں قائد اعظم بزنس پارک کا منصوبہ ناکام ہوا اور صوبہ میں کوئی سپیشل اکنامک زون نہ بن سکا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے عثمان بزدار کی قیادت میں رحیم یار خان،بہلوال،وہاڑی،فیصل آباد اور شیخوپور کے کے نزیک موٹروے پر سپیشل اکنا مک زون بنائے ہیں۔ پنجا ب واحد صوبہ ہے جہاں نجی شعبہ میں بھی 4 سپیشل اکنامک زون بن رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسویشن کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ سالانہ اجلاس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نومنتخب چیئرمین اپٹماچوہدری ذولفقار،سابق چیئرمین محمد پرویز لالا،سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والااور دیگر صنعت کاروں نے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم  اقبا ل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور میں سپیشل اکنامک زون بن چکا ہے جس کا وزیر اعظم جلد افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور - ملتان موٹروے پر شجاع آباد کے نزدیک بھی انڈسٹریل پارک بنایا جائے گا۔ مظفر گڑھ لیہ روڈ رپر چوبارہ کے مقام پر 20 ہزار ایکٹر رقبہ پر سپیشل اکنامک زون بنے گا۔صوبہ بھر میں چھوٹے انڈسٹریل پارک بھی بنائے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے 23 درخواستیں آچکی،اگلے 15 روز میں تما م متعلقہ محکموں سے 7 سے 8 پلانٹس لگانے کے لئے این او سی جاری ہوجائے گا۔ فیصل آباد میں 11 سے ملین ڈالر کی سرمایہ کاری آچکی ہے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعت کاروں اور تاجروں کے ساتھ کھڑا ہوں، ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر جگہ آواز اٹھاؤں گا۔ اگلے ماہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں ٹیکسوں کے ریفنڈسمیت تمام مسائل رکھے جائیں گے۔ زبیر موتی والانے کہا کہ   میاں اسلم اقبال سے پہلی بار ملا،انہیں خوش گوار شخصیت کا حامل اور صنعت کار دوست پایا۔ صنعت کاروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے قیادت میں کورونا سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی۔