پنجاب ٹورسٹ ایپ: پہلے ہی روز 10 ہزار سے زائد ڈاؤن لوڈز

مفید ایپ کا افتتاح پنجاب حکومت کے سیاحت کے فروغ کے عزم کا ثبوت ہے وزیراعلیٰ اگلے ماہ بہاولپور میں بھی ڈبل ڈیکر بس کا افتتاح کریں گے، مشیر سیاحت آصف محمود

پنجاب ٹورسٹ ایپ: پہلے ہی روز 10 ہزار سے زائد ڈاؤن لوڈز

لاہور:محکمہ سیاحت کی ٹورسٹ ایپپنجاب ٹورازم‘ کے اجرا کے پہلے ہی روز 10 ہزار سے زائد ڈاؤن لوڈز کئے گئے ہیں۔ ایپ کا افتتاح وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے عالمی یوم سیاحت (27 ستمبر) کو کیا تھا۔ مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت و آثار قدیمہ آصف محمود نے ٹورسٹ ایپ کے اجرا کو انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی یوم سیاحت پر مفید ایپ کا افتتاح کرنا پنجاب حکومت کے سیاحت کے فروغ کے عزم کا ثبوت ہے۔ ایپ میں اہم سیاحتی مقامات تک رسائی کی سہولت مہیا کی گئی۔

اسی ایپ کے ذریعے ملکی اور غیرملکی سیاحوں کیلئے سہولیات میں بتدریج اضافہ کریں گے۔آصف محمود نے کہا کہ امسال عالمی یوم سیاحت روایتی طریقے سے ہٹ کر منایا گیا۔ تاریخی شالامار باغ میں عالمی یوم سیاحت کی تقریب اور اس میں وزیراعلیٰ کی بطور مہمان خصوصی شرکت نئے سیاحتی دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے وژن کو بروئے کار لاتے ہوئے اہداف کے حصول کے لئے آرکیالوجی اور ٹورازم کے شعبے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلی سردار عثمان بزدار بذات خود شعبہ سیاحت کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ لاہور اور راولپنڈی کے بعد وزیراعلیٰ اکتوبر میں بہاولپور میں بھی ڈبل ڈیکر بس کا افتتاح کریں گے۔ فروغ سیاحت کے لئے پہلی بار تاریخی مقامات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزارات اور مذہبی مقامات تک رسائی کے لئے ٹوور سروس کا اجرا بھی کیا جائے گا۔