صوبہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

صوبائی ورکنگ پارٹی کا اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کی شرکت

صوبہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

لاہو ر: پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے آٹھویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی6ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 35 ارب 70 کروڑ 14لاکھ 68ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈینیشن جاوید لطیف، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن شاہد ادریس نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے صوبے میں صحت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی اعادہ کیا کہ پنجاب میں صحت کے موجودہ بحران سے نمٹنے کیلئے صحت کے منصوبوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں لاہور میں ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے قیام (ترمیمی) کیلئے 13 کروڑ 73 لاکھ 27 ہزار روپے، سیالکوٹ میں 250 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال کے قیام کیلئے 5 ارب 17 کروڑ 35 لاکھ 30 ہزار روپے، ڈسٹرکٹ لیہ میں 200 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کیلئے 5 ارب 74 کروڑ 77 لاکھ 90 ہزار روپے، ڈسٹرکٹ راجن پور میں 200 بستروں پر مشتمل زچہ و بچہ ہسپتال اور نرسنگ کالج کے قیام کیلئے 8 ارب 72 کروڑ 23 لاکھ 70 ہزار روپے، انٹیگریٹڈ ری پروڈکٹو میٹرنل نوزائیدہ اینڈ چائلڈ ہیلتھ اور نیوٹریشن پروگرام (فیز III) کیلئے 6 ارب 42 کروڑ 4 لاکھ 51 ہزار روپے اور پنجاب روزگار منصوبہ کیلئے 9 ارب 50 کروڑ روپے شامل ہیں۔