نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان جاری سیاسی کھینچا تانی خالی بیان بازی سے نہیں چھپ سکتی:فیاض الحسن چوہان

مریم نواز کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ''کھوتا مریا کھاریاں، سوگ وزیرِ آباد'' کے مصداق شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑا جا رہا ہے: وزیرِ اطلاعات پنجاب

 نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان جاری سیاسی کھینچا تانی خالی بیان بازی سے نہیں چھپ سکتی:فیاض الحسن چوہان

لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مریم نواز کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑنے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ''کھوتا مریا کھاریاں، سوگ وزیرِ آباد'' کے مصداق شہباز شریف کی گرفتاری کو گلگت بلتستان انتخابات سے جوڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا بیگم صفدر اعوان بتائیں، گزشتہ چھ ماہ میں شہباز شریف سمیت کتنے لیگی رہنماؤں نے گلگت بلتستان کے دورے کیے۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بیگم صفدر اعوان کی جانب سے شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے کی جانے والی پریس کانفرنس پر اپنے ردِعمل میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک خاندان کے ذریعے ملک چلانے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) آج پاکستان کو ون پارٹی ریاست بنائے جانے کی بات کر رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے درمیان جاری سیاسی کھینچا تانی خالی بیان بازی سے نہیں چھپ سکتی۔ احتساب کو ذاتی و سیاسی انتقام کا نام دیئے جانے پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شاید بیگم صفدر اعوان کو رمضان شوگر مل کیس میں گرفتار ڈیڑھ درجن سے زائد ملزمان اور وعدہ معاف گواہان کا علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر اعوان نے آج حکومت کو اے پی سے ڈرانے کی ناکام کوشش کی۔ عوام غیر متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ایسی بیسیوں اے پی سیز کی ناکامی اور رسوائی پہلے بھی دیکھ چکی ہے۔