اداکار عمر شریف کی طبیعت میں بہتری، آج دوپہر امریکا روانگی متوقع

اداکار عمر شریف کی طبیعت میں بہتری، آج دوپہر امریکا روانگی متوقع

کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستانی کامیڈین اور  اداکار عمر شریف کی طبیعت میں گزشتہ روز کی نسبت کافی بہتری آئی ہے جس بنا پر ملکی اور غیرملکی ڈاکٹروں نے انہیں ائیر ایمبولینس کے سفر کے لیے فٹ قرار دے دیا ہے۔ ڈاکٹرز پر اُمید ہیں کہ عمر شریف کی صحت اسی طرح برقرار رہی تو منگل کی دوپہر انہیں ائیر ایمبولینس میں امریکا روانہ کردیا جائے گا۔ 

ڈاکٹرز کے مطابق عمر شریف کی صحت 2 روز پہلے کی طرح معمول پر آگئی ہے، ائیر ایمبولینس کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے پیر کی سہہ پہر کے بعد رات کو بھی نجی اسپتال میں عمر شریف کا معائنہ کیا۔ 

فیملی ذرائع کے مطابق غیرملکی ڈاکٹرز نے عمر شریف سے گفتگو بھی کی، عمر شریف نے اپنی صحت کے بارے میں ڈاکٹرز کو خود جوابات دیے۔

 فیملی ذرائع کے مطابق عمر شریف نے ٹیلی فون پر اپنے امریکی معالج ڈاکٹر طارق شہاب سے بھی بات چیت کی اور ڈاکٹرز کی ٹیم نے اداکار عمر شریف کو امریکا کے سفر کے لیے فٹ قرار دے دیا۔ 

فیملی ذرائع کے مطابق اداکار عمر شریف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی لے لیا گیا، جس کی رپورٹ کل صبح آئے گی۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کو ایمبولینس میں کل صبح 9 بجے سے 11 بجے کے درمیان کراچی ائیرپورٹ پہنچایا جائے گا جبکہ ائیر ایمبولینس کے ڈاکٹرز عمر شریف کے معائنہ کے لیے اسپتال میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ ائیرایمبولینس کراچی ائیرپورٹ پر موجود ہے جس کی منگل کو دن 11 بجے کے بعد  روانگی متوقع ہے۔