مرغی اور گوشت کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں: سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر

مرغی اور گوشت کی قیمتوں بارے پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے اہم مشاورتی اجلاس

 مرغی اور گوشت کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں: سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر

لاہور:پولٹری فارمرز اور پولٹر ی انڈسٹری سے وابستہ افراد کے مسائل کو فوری حل کیا جائے تاکہ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکے ان خیالات کا اظہار کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے محکمہ لائیوسٹاک میں ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس کے دوران کیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک پنجاب میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی بارے اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین راجہ عتیق الرحمان اور دیگر عہدیداران کے علاوہ محکمانہ افسران جن میں ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل)،ڈائریکٹر کمیونی کیشن اینڈ ایکسٹینشن اورایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک لاہورنے خصوصی شرکت کی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات فوری کئے جائیں جن سے مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں فوری کمی لائی جا سکے اور عوام تک ارزاں نرخوں پر پولٹری مصنوعات دستیاب ہوں۔

پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی جانب سے پولٹری سیکٹر کو درپیش مسائل اور اُن کے حل بارے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ خام زرعی اجناس مثلاً مکئی، سویا بین بیج و میل اور سن فلاور میل پر عائد درآمد ی و ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن (ر)ثاقب ظفر نے پنجاب پولٹری ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا اور زور دیا کہ ایسوسی ایشن کی مدد سے میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں ہر ممکن حد تک کمی لائی جائے۔