پنجاب میں این جی اوز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنانے کا فیصلہ

جولائی 2021 تک این جی اوز کی آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کی جائے گی  این جی اوز کی حوصلہ افزائی سے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں، وزیرسماجی بہبود یاور عباس بخاری

پنجاب میں این جی اوز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنانے کا فیصلہ

لاہور:وزیر سوشل ویلفیئرو بیت المال سید یاور عباس بخاری کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں این جی اوز کی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان بنایا جائے گا اور جولائی 2021 تک این جی اوز کی آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں موجودہ قوانین میں ترامیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال حسن اقبال اور ڈی جی شاہد نیاز نے بھی شرکت کی۔ وزیر سوشل ویلفیئرنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این جی اوز کا سماجی بہبود میں اہم کردار ہے۔ این جی اوز کی حوصلہ افزائی کرکے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس کے لئے این جی اوز کا معاشرتی ترقی میں کردار بڑھانا ہوگا۔

تاہم سید یاور عباس بخاری نے واضح کیا کہ کسی این جی او کو ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کوئی این جی او ایسا نام نہیں رکھ سکتی جس سے اس کے سرکاری ادارہ ہونے کا تاثر ملے۔ انہوں نے کہا کہ طے شدہ علاقے کے علاوہ این جی او بلااجازت کام نہیں کر سکے گی۔ البتہ ہنگامی حالات میں مخصوص وقت کے لئے کوئی این جی او اپنے علاقے سے ہٹ کر بھی کام کر سکے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت سوشل اپ لفٹنگ کے لئے این جی اوز کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر سرکاری تنظیمیں معاشرتی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کا زیادہ سے زیادہ ساتھ دیں۔ قوانین میں ترمیم کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ انہیں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جاسکے۔