راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب کا شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد، مویشی منڈیوں میں انتظامات کا جائزہ

لبرٹی،جوہر ٹاؤن سمیت مختلف مارکیٹوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ، پولیس کی مزید نفری تعینات کرنیکی ہدایت عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے: راجہ بشارت

 راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب کا شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ، لاک ڈاؤن پر عملدرآمد، مویشی منڈیوں میں انتظامات کا جائزہ

لاہور : صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور مارکیٹوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد اور مویشی منڈیوں میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر قانون اور چیف سیکرٹری نے لبرٹی اورجوہر ٹاؤن سمیت شہر کی مختلف مارکیٹوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سی سی پی او لاہور کو پولیس کی مزید نفری تعینات کرنے سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کورونا وائرس وباء پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے، لاپرواہی سے کیسز میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سمارٹ لاک ڈاؤن ناگزیر ہے، اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔   صوبائی وزیر راجہ بشارت نے کہا کہ عید الاضحی سے قبل سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ مفاد عامہ میں کیا گیا ہے اورعوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ پائن روڈ پر قائم مویشیوں کے سیل پوائنٹ کے دورہ کے دوران چیف سیکرٹری نے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے محکمہ صحت کی سیمپل کولییکشن ٹیم کے موجود نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری کردہ ہدایات پر ہر صورت عمل یقینی بنایا جائے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے مویشی منڈیوں کے انٹری پوائنٹس پرسکریننگ کیلئے محکمہ پرائمری ہیلتھ کو خصوصی کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت کی تھی۔  

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں کو عید الاضحیٰ کے موقع پر بڑا چیلنج درپیش ہے، عوام کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔  انہوں نے کہا کہ عید سے قبل بازاروں میں رش کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ تھا اس لئے عید الفطر کے تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائر س کے خاتمے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا اور مشترکہ کوششوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اوروزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے عید سادگی سے منانے کی اپیل کی گئی ہے، عوام اس عید کو مختلف عید سمجھیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ان منڈیوں میں صفائی کا خاص انتظام کیا جائے اوربیوپاریوں سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے مخصوص تعداد میں افراد کو مویشی منڈیوں میں داخلے کی اجازت دی جائے۔