آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر کورونا کی روک تھام کے حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری

6جون سے جاری آپریشن میں 141263دکانوں کو چیک کیا گیا جبکہ خلاف ورزی پر16923 دکانوں کو سیل اور بندکیا گیا 79204گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور ٹرانسپورٹ وہیکلز کو ہدایات کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کئے گئے سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات پر بطور خاص توجہ مرکوز رکھی جائے: آئی جی پنجاب

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر کورونا کی روک تھام کے حوالے سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری

لاہور:  انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرنے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں افسران واہلکارپہلے سے زیادہ تندہی اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور سمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومت پنجاب کی جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ جن علاقوں کو حکومت نے سیل کردیا ہے وہاں سینئر افسران خود فیلڈ میں نکل کرصورتحال کا جائزہ لیتے رہیں اوران علاقوں میں ایس او پیز کی پاسداری پر بھرپور توجہ اور فوکس کیاجائے تاکہ وبائی وائرس کے پھیلاؤ کو کم سے کم کرکے شہریوں کی قیمتی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر میں ادویات اور اشیائے خوردونوش سمیت ضروری سازو سامان کی گاڑیوں کی آمدورفت میں کوئی رکاوٹ نہ آنے پائے جبکہ مارکیٹوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کاروائیاں جاری رکھی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرواتے ہوئے انہیں باور کروایا جائے کہ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کی پابندی میں انہی کا فائدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارآئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سنٹرل پولیس آفس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو بتایا گیا کہ 6جون سے جاری آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں مارکیٹوں اور بازاروں میں اب تک مجموعی طور پر 141263دکانوں کو چیک کیاجا چکا ہے جن میں خلاف ورزی پر16923 دوکانوں کو سیل اور بندکیا گیاہے۔ شاہرات پر 190411موٹر سا ئیکلوں، 62387گاڑیوں اور 38790پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو چیک کیا گیا جن میں سے مجموعی طور پر 79204 موٹر سائیکلوں،گاڑیوں اور ٹرانسپورٹ وہیکلز کو ہدایات کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے جرمانے عائد کئے۔اسی طرح ایس او پیز کی پاسداری کے حوالے سے 220043شہریوں کوچیکنگ کیلئے روکا گیا اور خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے12249کو جرمانہ کیا گیا۔

گذشتہ روز ہونے والی کاروائیوں کے متعلق آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ اٹھائیس جون کو صوبے بھر میں 4760 دوکانوں کی انسپکشن کی گئی اورایس او پیز کی خلاف ورزی پر 946دوکانوں کو سیل اوربندکیا گیا۔اسی طرح 10563موٹر سا ئیکلوں، 3777گاڑیوں اور 1593 پبلک ٹرانسپورٹ وہیکلز کو بھی چیک کیا گیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پرسول ایڈمنسٹریشن نے مجموعی طور پر 6545موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ وہیکلز کو جرمانے عائد کئے۔

مجموعی طور پر 6792شہریوں کو چیکنگ کیلئے روکاگیا اور خلاف ورزی پر251 افراد کو سول ایڈمنسٹریشن نے جرمانہ کیا۔ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کوایس او پیز کی خلاف ورزی پر کاروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ فیلڈ ڈیوٹی پرتعینات افسران و اہلکار کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرپر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ وہ خود موذی مرض سے محفوظ رہ کر شہریوں کی حفاظت اور خدمت کا فریضہ بہتر انداز میں سر انجام دے سکیں۔