صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا علوی ڈینٹل ہسپتال اور برنگنگ سمائلز انکارپوریشن امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب

مریضوں کے ساتھ دیانتداری سے پیش آنا صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بنیادی ذمہ داری ہے،  صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

 صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا علوی ڈینٹل ہسپتال اور برنگنگ سمائلز انکارپوریشن امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب

کراچی۔:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دانتوں کی صحت کے لیے احتیاط سب سے اہم ہے ، دانتوں کی صفائی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، ڈینٹسٹس کو مالی فوائد کو ترجیح دینے کی بجائے معاشرے کی ضروریات اور عوام کی دانتوں کی صحت پر توجہ دینی چاہیے، مریضوں کے ساتھ دیانتداری سے پیش آنا صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ گورنر ہائوس میں علوی ڈینٹل ہسپتال اور برنگنگ سمائلز انکارپوریشن امریکہ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدرمملکت نے دونوں ہسپتالوں کے درمیان مفاہمت کے معاہدے کو سرا ہتے ہوئے کہا کہ ایم او یو ملک میں عام لوگوں کے لیے سستی اور معیاری دندان سازی کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔اس موقع پر علوی ڈینٹل ہسپتال کے آواب علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ راتوں رات شروع نہیں کیا گیا بلکہ اس کے لیے کافی محنت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت ملک بھر میں دندان سازی کے کلینک قائم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مستند ڈاکٹروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس معاہدے سے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے اور بہترین ڈاکٹر اس منصوبے میں شامل ہوں گے جو پاکستان میں سستی دندان سازی کو یقینی بنائیں گے۔

برنگنگ سمائلز انکارپوریشن آف یو ایس اے کے ڈاکٹر انس اطہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں کثیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریبا 90 فیصد آبادی دانتوں کے کسی نہ کسی مسائل میں مبتلا ہے۔ یہ ایک بڑا چیلنج ہے اور دانتوں کی صفائی اور صحت کے حوالے سے عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔